حوزہ علمیہ نجف اشرف میں شہید سید حسن نصر اللہ کے لیے مجلس ترحیم وفاتحہ خوانی کا انعقاد کیا گیا کہ جس میں اعلی دینی قیادت کے فرزندگان سید محمد رضا اور سید محمد باقر اور روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے متولی شرعی سید احمد صافی کو آنے والے مومنین نے اس سانحہ کا پرسہ پیش کیا۔
فاتحہ خوانی کی اس مجلس کے انعقاد کا مقصد وحشیانہ حملوں کا سامنا کرنے والے لبنانی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرنا ہے، لبنان میں اس وقت انسانی حقوق کی مکمل پامالی کرتے ہوئے رہائشی علاقوں اور نہتھے معصوم لوگوں کو بمباری کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
روضہ مبارک امام حسین(ع) اور روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے سیکرٹریٹ نے بھی شہید علامہ حجۃ الاسلام و المسلمین سید حسن نصر اللہ اور لبنانی مزاحمت میں سے شہید ہونے والے ان کے بھائیوں اور درجہ شہادت پر فائز ہونے والے دسیوں نہتھے شہریوں کے ایصال ثواب اور انھیں خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ما بین الحرمین میں مجلس ترحیم اور فاتحہ خوانی کا انعقاد کیا ہے کہ جس میں ہزاروں مومنین شرکت کر رہے ہیں۔
دفتر اعلیٰ دینی قیادت آیت اللہ العظمی سید علی حسینی سیستانی (دام ظلہ) نے علامہ حجۃ الاسلام والمسلمین سید حسن نصر اللہ کی شہادت کے حوالے اپنے بیان میں کہا ہے کہ شہید علامہ حجۃ الاسلام والمسلمین سید حسن نصر اللہ قیادت کا بے مثل نمونہ تھے جنھوں نے لبنان کی سرزمین کو آزاد کروانے کے لیے قابض اسرائیلی سامراج کے خلاف فتح میں نمایاں کردار ادا کیا، اور داعشی دہشت گردوں سے عراق کو آزاد کراونے کے لیے عراقیوں کی ہر ممکن مدد کی، اور اسی طرح مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت اور مدد کے لیے عظیم موقف اختیار کیا، یہاں تک کہ انھوں نے اپنی قیمتی جان دے کر اس کی قیمت ادا کی۔