روضہ مبارک حضرت عباس (ع) کے جنرل سیکرٹریٹ کی جانب سے لبنانی عوام کی مدد کرنے والی امدادی کمیٹیوں اور یونٹس کے لیے ایک رابطہ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔
حرم مقدس کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید میثم الزیدی نے کہا کہ "رابطہ کانفرنس ریلیف اینڈ سپورٹ ڈویژن کی طرف سے روضہ مبارک کے سکریٹری جنرل کی رہنمائی میں منعقد کی گئی تھی، جس میں عراقی گورنریٹس کی ریلیف یونٹس نے شرکت کی، کہ جو اسرائیلی جاریت سے متاثرہ لبنانی عوام کے لیے غذائی، طبی اور دیگر امداد فراہم کرنے میں کردار ادا کر رہی ہیں۔"
انہوں نے مزید کہا کہ "کانفرنس میں روضہ مبار حضرت عباس (ع) کے متولی شرعی کے دفتر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر افضال الشامی ان یونٹوں کے نمائندوں کو اعزاز سے بھی نوازا کہ جنھوں نے اعلی دینی قیادت کی اپیل کا جواب دیا اور لبنانی عوام کی امداد کے لیے روضہ مبارک حضرت عباس (ع) کی مہم میں شرکت کی۔"
انہوں نے کہا،"کانفرنس میں امدادی کوششوں کو منظم کرنے میں تعاون اور ہم آہنگی کی اہمیت پر زور دیا گیا، تاکہ لبنانی عوام کو درپیش مشکلات اور ان کی ضروریات کے مطابق امداد فراہم کی جا سکے اور مطلوبہ امداد کی نوعیت اور معیار کو متعین کر کے امدادی قافلوں کو منظم کیا جا سکے۔"
گذشتہ چند روز کے دوران روضہ مبارک حضرت عباس (ع) کی جانب سے اپنی امدادی مہم کے ایک حصے کے طور پر لبنانی شہریوں کے لئے سینکڑوں ٹن امدادی سامان پر مشتمل تین قافلے شام اور لبنان روانہ کیے جا چکے ہیں، جن میں ایک فیلڈ ہسپتال اور ایک موبائل میڈیکل یونٹ، ڈاکٹروں اور میڈیکل سٹاف پر مشتمل ٹیم، ادویات، کھانے پینے ، دیگر ضروریات زندگی اور لاجسٹک سپلائز شامل تھیں۔ اس کے علاوہ بے گھر ہوجانے والے لبنانی خاندانوں اور ریلیف کیمپس میں پناہ لینے والے متاثرہ خاندانوں کو کھانا فراہم کرنے کے لیے ایک مرکزی باورچی خانے تیار کیا جا رہا ہے۔ 36 ہزار لیٹر کی گنجائش والے 3 فیول ٹینکرز بھی اس امدادی قافلے کا حصہ تھے.
روضہ مبارک حضرت عباس (ع) نے کربلا مقدسہ پہنچنے والے بے گھر لبنانیوں کا بھی استقبال کیا ہے، اور انہیں اپنے سروس کمپلیکشز اور ہوٹلوں میں ٹھہرایا ہے، اور بے گھر لبنانیوں کی متوقع آمد کے پیش نظر مزید ہوٹل بھی کرائے پر لیے گئے ہیں۔
روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی اس امدادی مہم کا مقصد لبنانی عوام کو غذائی، مالی، اور طبی امداد فراہم کرنا ہے، تاکہ اس مشکل وقت میں ان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی مدد کی جا سکے۔











