روضہ مبارک حضرت عباس (ع) کے ایک وفد نے لبنان پر جاری صیہونی جاریت کی وجہ سے شام میں پناہ گزیں لبنانی شہریوں اور ان کے خاندانوں سے ملاقات کی تاکہ ان کےحالات کا جائزہ لیا جا سکے اور ان کی ضروریات کی نشاندہی کی جا سکے۔
شام میں حرم مقدس کے وفد کے سربراہ خلیل حنون نے کہا: "ہم نے شام میں لبنانی شہداء اور زخمیوں کے خاندانوں سے ملاقات کی تاکہ ان کی ضروریات کا جائزہ لیا جا سکے اور انہیں پورا کیا جا سکے،اور اس دورے کا مقصد رہائشی علاقوں اور نہتھے شہریوں پر صہیونی حملوں کا سامنا کرنے والے لبنانی بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنا ہے۔ خاص طور پر نجف اشرف میں مقیم اعلیٰ دینی قیادت کی جانب سے لبنانی عوام کی مشکلات کو کم کرنے اور ان کی بنیادی ضروریات کو پورا کرنے پر زور دیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس دورے کے دوران لبنانی بھائیوں کو روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) کے گنبد پر لہرانے والا علم ،تبرکات اور تحائف پیش کئے گئے۔"
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں کے دوران روضہ مبارک حضرت عباس(ع) نے ہزاروں ٹن امدادی سامان پر مشتمل کئی امدادی قافلے شام بھیجے ہیں۔ اس کے علاوہ وہاں ایک مستقل میڈیکل کیمپ، ایک متنقل ہسپتال بھی وہاں قائم کیا ہے، اور ماہر ڈاکٹرز کی ٹیموں کو شام بھیجا ہے جبکہ ادویات و غذائی اشیاء سے بھرے دسیوں ٹرک بھی آئے روز شام روانہ کیے جا رہے ہیں، اسی طرح وہاں کیمپس میں رہنے والے لبنانی خاندانوں کو کھانا فراہم کرنے کے لیے وہاں روضہ مبارک حضرت عباس(ع) نے اپنا مرکزی باورچی خانہ بھی قائم کیا ہے۔


