روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے باب قبلہ کے سامنے واقع بیرونی صحن میں منعقد ہونے والی اس تقریب میں روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی مجلس ادارہ کے رکن ڈاکٹر عباس ددہ موسوی اور ڈاکٹر افضل شامی، متعدد شعبوں کے سربراہان، روضہ مبارک کے خدام، معروف دینی شخصیات اور زائرین کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا، اس کے بعد روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے شعبہ برائے دینی امور کے سربراہ شیخ صلاح کربلائی نے استقبالیہ خطاب کیا اور جشن میلاد کی اس پرمسرت مناسبت پر حاضرین اور امت مسلمہ کو مبارک باد پیش کی۔
شیخ کربلائی نے اپنے خطاب میں امام سجاد(ع) کی سیرت طیبہ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی، اور رسول خدا(ص) کے نزدیک ان کی قدر ومنزلت کا ذکر کیا، اور امت کی اصلاح اور عدل وانصاف کی اقدار کے لیے ان کے کردار کو اجاگر کیا۔
روضہ مبارک کی مرکزی تقریبات کی کمیٹی کے رکن سید عقیل یاسری نے اس حوالے سے بتایا کہ یہ تقریب متنوع فقرات پر مشتمل تھی، جن میں اس مبارک مناسبت سے خطابات، نظمیں اور قصیدے سرفہرست ہیں۔
یاسری نے مزید کہا کہ تقریب کے اختتام پر حضرت عباس(ع) کے جشن میلاد کی مناسبت سے منعقد کئے گئے آن لائن خصوصی ثقافتی مقابلے کے فاتحین کو انعامات و اعزازات سے نوازا گیا۔
واضح رہے کہ روضہ مبارک حضرت عباس(ع) اہل بیت علیہم السلام سے منسلک مناسبات پر مختلف ثقافتی، معلوماتی اور دینی تقریبات کا انعقاد کرتا ہے، تاکہ زائرین میں مذہبی ثقافت کی ترسیخ اور دینی بیداری میں کردار ادا کیا جا سکے۔

























