روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے باب قبلہ کے سامنے واقع بیرونی صحن میں منعقد ہونے والی اس تقریب میں روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی مجلس ادارہ کے رکن ڈاکٹر افضل شامی، متعدد شعبوں کے سربراہان، روضہ مبارک کے خدام، معروف دینی شخصیات اور زائرین کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا، اس کے بعد روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی نمائندگی میں شیخ حیدر عارضی نے استقبالیہ خطاب کیا اور جناب علی اکبر(ع) کے جشن میلاد کی اس پرمسرت مناسبت پر حاضرین اور امت مسلمہ کو مبارک باد پیش کی۔
شیخ عارضی نے اپنے خطاب میں جناب علی اکبر(ع) کی سیرت طیبہ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی، اور ان کے فضائل و مناقب کا ذکر کیا، اور امت کی اصلاح اور عدل وانصاف کی اقدار کے لیے ان کے کردار کو اجاگر کیا۔
روضہ مبارک کی مرکزی تقریبات کی کمیٹی کے رکن سید عقیل یاسری نے اس حوالے سے بتایا کہ یہ تقریب متنوع فقرات پر مشتمل تھی، جن میں اس مبارک مناسبت سے خطابات، نظمیں اور قصیدے سرفہرست ہیں۔
یاسری نے مزید کہا کہ تقریب کے اختتام پر حضرت علی اکبر(ع) کے جشن میلاد کی مناسبت سے منعقد کئے گئے آن لائن خصوصی ثقافتی مقابلے کے فاتحین کو انعامات و اعزازات سے نوازا گیا۔
واضح رہے کہ روضہ مبارک حضرت عباس(ع) اہل بیت(ع) سے منسلک مناسبات پر مختلف ثقافتی، معلوماتی اور دینی تقریبات کا انعقاد کرتا ہے، تاکہ زائرین میں مذہبی ثقافت کی ترسیخ اور دینی بیداری میں کردار ادا کیا جا سکے۔
























