روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے سیکرٹری جنرل سید مصطفی مرتضی آل ضیاء الدین نے ذہنی حساب میں شاندار کامیابی حاصل کرنے والی طالبہ فاطمہ رعد ہاشم کو ان کی غیر معمولی کارکردگی پر خراج تحسین پیش کیا، اس موقع پر روضہ مبارک کی مجلسِ ادارہ رکن ڈاکٹر افضل شامی اور طالبہ کے والد رعد ہاشم لعیبی بھی موجود تھے۔
فاطمہ رعد ہاشم کربلا مقدسہ کی ایک درخشاں اور قابل فخر مثال ہیں، جنہوں نے ناصرف بغداد بین الاقوامی نمائش میں ذہنی حساب کے مقابلے میں پہلی پوزيشن حاصل کی، بلکہ الشعب بین الاقوامی سٹیڈیم میں منعقد ہونے والے حساب ذہنی کے مقابلے میں بھی پہلی پوزیشن حاصل کی جس میں 15 ممالک کے طلاب نے شرکت کی۔
فاطمہ کے لیے یہ اعزاز روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی طرف سے ذہین اور تخلیقی صلاحیتوں کے حامل طلباء کی حوصلہ افزائی کا ایک حصہ ہے تاکہ وہ مزید علمی اور فکری کامیابیاں حاصل کریں اور عراق کا نام علمی اور بین الاقوامی میدانوں میں روشن کریں۔



