عراقی سکولوں کے درمیان پہلی عراقی سکولز ڈیبیٹ چیمپئن شپ کا یہ ثقافتی ومعلوماتی مقابلہ بین الاقوامی اکیڈمی فار لیڈرشپ اینڈ ڈیولپمنٹ نے وزارت تربیت و تعلیم کے تعاون سے منعقد کیا ہے، جس کا مقصد قطر میں منعقد ہونے والے اس سلسلہ کے عالمی مقابلہ میں شرکت کے لیے عراقی سکولوں کی نمائندگی کرنے والی ٹیم تیار کرنا ہے۔
اس مقابلے کی افتتاحی تقریب میں روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے نائب سیکرٹری جنرل انجینئر عباس موسٰی احمد، روضہ مبارک کے شعبہ تعلیم و تربیت کے سربراہ ڈاکٹر حسن داخل حسناوی، العمید ایجوکیشنل گروپ / بوائز سکولز کے انچارج ڈاکٹر عادل کرکوشی، محکمہ تعلیم کربلا کے سربراہ ومیض خلیل ابراہیم، بین الاقوامی اکیڈمی فار لیڈرشپ اینڈ ڈیولپمنٹ کے صدر معاذ سالم، متعدد اسکولوں کے پرنسپلز، ماہرین تعلیم اور طلباء سمیت مختلف تعلیمی اور حکومتی شخصیات نے شرکت کی۔
واضح رہے کہ کربلا کے 16سکولوں نے اس مقابلے میں حصہ لیا، اور ہر سکول سے 4 طلباء اور 2 ججوں نے شرکت کی۔ اس مقابلے کا مقصد طلباء میں شخصیت کی مضبوطی اور دوسروں کی آراء کے احترام کی ثقافت کو فروغ دینا ہے۔
جبکہ اس کے علاوہ اس مقابلے میں عراق کے 320 سکولوں سے 640 ججز اور 1200 سے زیادہ طلباء حصہ لے رہے ہیں۔
یہ ایونٹ تعلیمی معیار کو بڑھانے، طلباء میں تخلیقی سوچ کو فروغ دینے، اور صحت مند مکالمہ کی ثقافت کو تقویت دینے کا ذریعہ ہے۔ مناظرات کے موضوعات میں ماحولیاتی مسائل، طبیعات، اور مصنوعی ذہانت جیسے اہم موضوعات شامل تھے۔ اس ایونٹ کا اختتام عالمی مناظرات کے لیے منتخب کردہ ٹیم کے اعلان کے ساتھ ہوا، جو قطر میں ہونے والی عالمی مناظرات میں حصہ لے گی۔
















































