روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے متولی شرعی علامہ سید احمد صافی نے عراقی یونیورسٹیوں کے طلباء کی پانچویں سالانہ گریجویشن تقریب کے پروگراموں اور لائحہ عمل کی منظوری دے دی ہے۔
آج روضہ مبارک کی مجلس ادارہ کے رکن کاظم عبادہ، دفتر متولی شرعی کے مدیر جواد حسناوی، شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ محمد علی اظہر اور شعبہ میں یونیورسٹی اور اسکول ریلیشنز ڈویژن کے انچارج ماہر خالد نے علامہ صافی سے ملاقات کی اور انھیں پوری تقریب کے بارے میں بریفنگ دینے کے بعد ان سے اس کے تمام پروگراموں کی رسمی منظوری حاصل کی۔
یونیورسٹی اور اسکول ریلیشنز ڈویژن نے عراقی یونیورسٹیوں سے حال ہی میں فارغ التحصیل ہونے والے طلباء کی اس گریجویشن تقریب (دُفعة علی ہدی القمر الخامسة) کا اہتمام کیا ہے جس کی سرگرمیاں الکفیل یوتھ نیشنل پروجیکٹ کے ایک حصہ کے طور پر 10 اپریل سے شروع ہو کر دو دن تک (من غيث كربلاء ينبت العطاء) کے شعار کے تحت جاری رہیں گی اور اس میں تقریباً 5000 طلباء 64 عراقی یونیورسٹیوں کی نمائندگی کریں گے۔
علامہ سید احمد صافی نے تقریب کی تمام جزئیات کا تفصیل سے جائزہ لیا اور اس کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے متعدد اہم تجاویز دیں۔ انہوں نے کمیٹی کی محنت کی سراہا اور تقریب کے کامیاب انعقاد کے لیے ہر ممکن ضروری اقدامات پر زور دیا۔
متولی شرعی نے اس موقع پر اس بات کی اہمیت کو اجاگر کیا کہ تمام متعلقہ شعبے مل کر اس تاریخی تقریب کو کامیاب بنانے کے لیے اپنی بہترین کاوشوں کو بروے کار لائيں تاکہ یہ طلباء کی کامیابی کے حوالے سے ایک یادگار لمحہ قرار پائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کی تقریبات ناصرف طلباء کی حوصلہ افزائی کرتی ہیں بلکہ معاشرتی سطح پر بھی تعلیمی اہمیت کو اجاگر کرتی ہیں۔
یاد رہے کہ یہ تقریب روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی جانب سے طلباء کی تعلیمی کامیابی کو خراج تحسین پیش کرنے اور ان کی محنت و جدوجہد کا اعتراف کرنے اور تعلیمی مرحلہ کا بابرکت اختتام روضات مقدسہ کے پاس کرنے کا ایک بہترین موقع فراہم کرتی ہے۔


