مرکز الصادقین کے زیر اہتمام ’’سائنسی وعلمی ترقی میں علماءِ شیعہ کا کردار‘‘ کے موضوع پر تیسری علمی نشست کا انعقاد

روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے مرکز الصادقین(ع) برائے تحقیقات و مطالعات نے ’’سائنسی وعلمی ترقی میں علماءِ شیعہ کا کردار‘‘ کے موضوع پر تیسری علمی نشست کا انعقاد کیا۔

مرکز کے رکن شیخ حمد شمری نے اس حوالے سے بتایا کہ: یہ نشست ان علمی نشستوں کا تسلسل ہے، جو مرکز کی جانب سے ’’سائنسی وعلمی ترقی میں علماءِ شیعہ کا کردار‘‘ کے عنوان کے تحت منعقد کی جا رہی ہیں۔ اس تیسری نشست کا محور فقہ تھا جس میں فخر المحققین کی فقہی خدمات اور کتاب الارشاد پر ان کے حاشیہ کے بارے میں سیر حاصل گفتگو کی گئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس نشست میں مرکز کی جانب سے تحقیق شدہ اہم فقہی کتاب (حواشي على إرشاد الأذهان) کی رونمائی کی گئی۔ اس کے علاوہ اس نشست میں ایک تحقیقی مقالہ بھی پیش کیا گیا، جس میں اسلامی فکر کی تاریخ میں فقہ کی اہمیت اور اس کی ترقی اور پیشرفت میں علماء کے کردار پر روشنی ڈالی گئی، خصوصاً علامہ فخر المحققین کی علمی شخصیت، اور اس کتاب کی تالیف کے محرکات اور اُس وقت موجود حالات پر تفصیلی گفتگو کی گئی، نیز اس کتاب کی تحقیق کے مختلف مراحل کا بھی جائزہ لیا گیا۔

شیخ شمری نے بتایا کہ اس موقع پر مرکز کی جانب سے ایک دستاویزی فلم بھی پیش کی گئی، جس میں کتاب کی تحقیق کے پس منظر، تحقیقاتی مراحل، اور ان نادر و نایاب مخطوطات کا تعارف کرایا گیا جن کی بنیاد پر تحقیق کا یہ کام سرانجام دیا گیا۔

اس موقع پر مرکز کے تحقیقاتی شعبے کے سربراہ اور کتاب کے محقق، جناب سید اسامہ شریفی نے کہا: اس نشست میں ناصرف فقہ کی اہمیت اور اسلامی تراث میں اس کے مقام کو اجاگر کرنے کی سعی کی گئی، بلکہ اس میں علامہ فخر المحققین کی علمی افکار اور فقہی منزلت کو بھی نمایاں کیا گيا۔ اور کتاب 'حواشی علیٰ ارشاد الأذهان' پر ہونے والی تحقیق میں اس کتاب کی نسبت، دستیاب مخطوطات، اور اس کی منفرد علمی حیثیت پر بات کی گئی۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: