نجف میں تعینات ترک قونصل جنرل جناب جعفرأولجاي کرکاش نے روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کی طرف سے آبپاشی اور صاف توانائی کے شعبوں میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو سراہتے ہوئے اسے قابلِ تقلید اقدام قرار دیا۔
ترک قونصل جنرل نے اعلی سطحی وفد کے ہمراہ روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی زیارت کا شرف حاصل کیا اور شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ سید محمد علی ازہر سے ملاقات کی۔
سید ازہر نے کہا: " وفد کو زراعت، توانائی، ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں جاری منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔"
انہوں نے مزید کہا کہ "مہمان وفد نے ان منصوبوں کو سراہا جو قومی پیداوار اور ملکی مصنوعات کی حمایت، مقامی منڈیوں کی ضروریات پوری کرنے اور عوامی فلاح و بہبود میں مؤثر کردار ادا کر رہے ہیں۔ "
اپنی گفتگو میں قونصل جنرل جعفر کارکاش نے کہا: "ہم نے ترک وزارت زراعت کے ایک وفد کے ہمراہ روضہ مبارک حضرت عباس (ع) میں حاضری کا شرف حاصل کیا، جس دوران ہمیں حرم مطہر کے پیداواری منصوبوں کے بارے میں اہم معلومات فراہم کی گئیں۔"
انہوں نے مزید کہا: "ہمیں خوشی ہے کہ ہم نے روضہ مبارک کی جانب سے جدید آبپاشی کے طریقہ کار اور صاف توانائی کے شعبے میں جاری منصوبوں کے بارے میں جانا، اور ہم ہر ممکن تعاون کی فراہمی کے لیے اپنی مکمل آمادگی کا اظہار کرتے ہیں۔"
یاد رہے کہ روضہ مبارک حضرت عباس (ع) نہ صرف زائرین کو اعلیٰ معیار کی خدمات فراہم کر رہا ہے، بلکہ قومی ترقی و معاشرتی فلاح کے لیے جاری منصوبوں میں بھی پیش پیش ہے، اور ان منصوبوں کو جاننے کے لیے روضہ مبارک میں ملکی و غیر ملکی اہم شخصیات اور وفود کی آمد کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔




