روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے الکفیل سنٹر فار پبلک ہیلتھ اینڈ سیفٹی کی جانب سے روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام سے منسلک سٹاف کے لئے (ہر گھر میں ایک بچانے والا) کےعنوان سے ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے لئے تربیتی کورسز کا انعقاد جاری ہے۔
مرکز کے ڈائریکٹر سید حیدر خلیل ابراہیم نے کہا کہ "اس ٹریننگ میں روضہ مبارک کے متعدد شعبہ جات اور سائٹس جن میں شعبہ صنعت و حرفت، گوداموں کا شعبہ اور سقاء سائٹ 2 شامل ہیں،کے عملے نے شرکت کی، تاکہ زیاراتِ میلیونیہ کے دوران ایمرجنسی خدمات کی فراہمی کے لیے ان کی تیاری اور مہارت کو بڑھایا جا سکے۔"
انہوں نے مزید کہا کہ "اس پروگرام کے تحت ابتدائی طبی امداد کی مہارتیں سکھائی جا رہی ہیں، جن میں کارڈیو پلمونری ریسیسیٹیشن (CPR)، مختلف عمر کے افراد میں بے ہوشی کی حالتوں سے نمٹنے، زخموں، فریکچرز، اور غشی جیسے ہنگامی حالات میں فوری طبی ردعمل شامل ہیں۔ یہ پروگرام دو دن پر مشتمل ہوتا ہے جس میں ہر دن 10 گھنٹے کی تربیت دی جاتی ہے۔"
انہوں نے مزید بتایا کہ "ان مشقوں کا مقصد نہ صرف تربیتی نکات کی یاددہانی اور کارکردگی کا جائزہ لینا ہے بلکہ شرکاء کی تکنیکی صلاحیتوں کو اس سطح تک پہنچانا ہے کہ وہ ایمرجنسی میڈیکل ایویکوایشن پروگرام کو مؤثر طریقے سے انجام دے سکیں، اور سنگین طبی حالت کے حامل افراد کو فوری طور پر قریبی صحت مراکز تک منتقل کر سکیں۔ یہ تمام سرگرمیاں روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کی انتظامیہ کی ہدایات اور رہنمائی کی روشنی میں انجام دی جا رہی ہیں۔"
شعبہ گودام میں قالین ڈویژن کے انچارج، سید فراس عبد الزہرا نے کورس کے حوالے سے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا:"یہ تربیت نہایت مؤثر اور معلوماتی رہی، جسے ایک ماہر اور تجربہ کار ٹیم نے پیش کیا۔ ملازمین نے نہ صرف دلچسپی کے ساتھ اسے سیکھا بلکہ عملی زندگی، گھریلو ماحول اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں میں بھی اس پر عمل درآمد کا عزم ظاہر کیا۔"
آخر میں انہوں نے کہا:"ہم روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کی انتظامیہ کے اس قابلِ تحسین اقدام کو سراہتے ہیں، جس کے ذریعے عملے کی پیشہ ورانہ ترقی، ان کی فلاح و بہبود، اور زائرین کو معیاری خدمات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔"