شعبۂ فکری امور نے مساجد کی منزلت اور فضیلت کے بارے میں ایک نئی کتاب شائع کی ہے

روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے شعبہ برائے فکری و ثقافتی امور کی جانب سے حال ہی میں ایک اہم علمی و دینی کتاب بعنوان "المساجد: بیت اللہ" شائع کی گئی ہے، جو اسلامی تعلیمات کی روشنی میں مساجد کی معنوی حیثیت اور ان میں نماز کی فضیلت کو اجاگر کرتی ہے۔

یہ کتاب نمط الحیاۃ (طرزِ زندگی) کے عنوان سے جاری ایک علمی و فکری سلسلے کی تازہ کڑی ہے، جس کی تیاری واشاعت مذکورہ بالا شعبہ کا ذیلی ادارہ اسلامی مرکز برائے اسٹریٹجک اسٹڈیز ( المركزُ الإسلاميّ للدراسات الاستراتيجية) کر رہا ہے۔ یہ سلسلہ معاشرتی اور فکری سطح پر اسلامی اقدار کی ترویج، اور معاشرے میں علمی بیداری کے فروغ کے مقصد سے ترتیب دیا گیا ہے۔ اس کتاب کے مؤلف جناب عبد اللہ عمار حموَی ہیں، جنہوں نے نہایت متانت کے ساتھ اس موضوع کی گہرائیوں کو پیش کیا ہے۔

کتاب میں مسجد کی عظمت و تقدس کو تاریخی تسلسل کے ساتھ بیان کیا گیا ہے، بالخصوص عہدِ نبوی(ص) سے لے کر آئمہ اہل بیت(ع) کے دور تک اس کی دینی، تعلیمی اور سماجی اہمیت پر روشنی ڈالی گئی ہے۔ مصنف نے قرآنی آیات، احادیثِ نبویہ، اہل بیت(ع) کے فرامین اور نامور فقہاءِ کرام کے فتاویٰ کی روشنی میں مساجد کے مقام کو مدلل انداز میں واضح کیا ہے۔

یہ علمی کاوش ناصرف ایک فکری خزانے کا اضافہ ہے بلکہ اسلامی طرزِ زندگی کی تشکیل میں ایک قابلِ قدر رہنما بھی ہے۔

واضح رہے کہ اسلامی مرکز برائے اسٹریٹجک اسٹڈیز امتِ مسلمہ کی فکری رہنمائی کے عمل کو مربوط انداز میں جاری رکھنے کے لیے مسلسل ایسی مطبوعات شائع کر رہا ہے، جو مختلف علمی و دینی موضوعات پر اکیڈمک شخصیات نے لکھی ہیں۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: