یہ بابرکت دو روزہ فیسٹیول ’’دینی مرجعیتِ امتِ مسلمہ کا قلعہ ہے‘‘ کے عنوان کے تحت منعقد کیا جا رہا ہے، جس کا اہتمام روضہ مبارک کے شعبہ فکری و ثقافتی امور اور "الوافی فاؤنڈیشن برائے دستاویزات و مطالعات" کی جانب سے کیا گیا ہے۔
اس موقع پر موسوعۂ خطب جمعہ کی تیاری کے مختلف مراحل اور اس کی علمی و دینی اہمیت کے بارے میں ایک دستاویزی فلم پیش کی گئی۔ اس کے بعد روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے سیکرٹری جنرل سید مصطفی مرتضیٰ آلِ ضیاء الدین اور نائب سیکرٹری جنرل عباس موسیٰ احمد نے اس عظیم کتاب کی نقاب کشائی کی۔
یہ موسوعہ 2003ء سے 2020ء تک روضہ مبارک امام حسین(ع) میں دیے گئے جمعہ کے خطبات پر مشتمل ہے، جسے دس برسوں کی مسلسل محنت، تحقیق اور دستاویزی عمل کے بعد 33 جلدوں میں ترتیب دیا گیا ہے، اس میں مرجعیتِ اعلیٰ کے بیانات، مواقف اور ہدایات کو بھی جامع انداز میں محفوظ کیا گیا ہے۔
تیاری کے مراحل میں ویڈیو اور آڈیو فائلز سے خطبات کی جمع آوری، تحریری تدوین، لسانی و علمی تحقیق، مآخذ کی تخریج، اور فنی و طباعتی پہلو شامل تھے۔
یہ انسائیکلو پیڈیا روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے شعبہ فکری و ثقافتی امور اور مرکز العمید کا ایک عظیم منصوبہ ہے، جس کا مقصد خطب جمعہ کو مؤرخ و محقق کے لیے معتبر حوالہ بنانا اور امت کی فکری میراث کو محفوظ رکھنا ہے۔ اس کتاب کی اشاعت، دینی شعور کے فروغ اور حقائق کی تحریف سے حفاظت کے لیے ایک اہم علمی اقدام تصور کی جا رہی ہے۔