عراقی شہر کُوت میں واقع ایک تجارتی مرکز میں پیش آنے والے آتشزدگی کے افسوسناک واقعے میں جاں بحق ہونے والوں کے ایصال ثواب کے لیے منعقدہ مجالسِ ترحیم میں روضہ مبارک امام حسین(ع) اور روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے مشترکہ وفد نے شرکت کی۔
کوت جانے والے وفد میں شامل روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے شعبہ دینی امور کے رکن شیخ باسم کربلائی نے اس حوالے سے بتایا کہ: دونوں روضات مقدسہ کے وفد نے مرحومین کے ایصال ثواب کے لیے منعقدہ مجالس اور تعزیتی اجتماعات میں شرکت کی اور اس سانحہ پر ورثاء کو تعزیت پیش کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ وفد نے روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے متولی شرعی علامہ سید احمد صافی اور روضہ مبارک امام حسین(ع) کے متولی شرعی علامہ شیخ عبد المہدی کربلائی کا تعزیتی پیغام بھی پہنچایا کہ جس میں انھوں نے جاں بحق ہونے والوں کے لیے رحمت اور پسماندگان کے لیے صبر اور سکون کی دعا کی۔
متاثرین کے اہل خانہ نے روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے وفد کی آمد اور اس مشکل گھڑی میں ساتھ کھڑے ہونے پر شکریہ ادا کیا۔













