حاج عادل الحمامی نے بتایا کہ شعبے کی جانب سے کربلا کے قدیم شہر میں کئی مرکزی سروس آؤٹ لیٹس قائم کیے گئے ہیں، جو اہم مقامات پر واقع ہیں۔ ان میں شارع باب قبلہ حضرت ابو الفضل العباس علیہ السلام، شارع حوراء سلام اللہ علیہا، باب امام جواد علیہ السلام، امام ہادی علیہ السلام کمپلیکسِ ، امام عسکری علیہ السلام کمپلیکسِ، شارع میثم تمار (رضوان اللہ علیہ) سٹریٹ اور امام علی علیہ السلام سٹریٹ پر واقع سروس آؤٹ لیٹس شامل ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس سال خدمات کے دائرے کو وسعت دیتے ہوئے کربلا شہر سے باہر بھی سروس آؤٹ لیٹس قائم کیے گئے ہیں، خصوصاً نجف، بغداد اور بابل سے آنے والے راستوں پر، نیز سرحدی علاقوں جیسے کہ مہران بارڈر کراسنگ، اور صوبہ صلاح الدین کے شہر سامرہ اور صوبہ دیالہ جیسے علاقوں میں بھی خدمات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ زائرین کرام کو ان کے سفر کے ہر مرحلے پر بہترین ممکنہ سہولیات فراہمکی جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ لاجسٹک تیاریوں کا آغاز بہت پہلے کر دیا گیا تھا تاکہ خوراک، پانی، جوسز اور دیگر ضروری اشیاء مہیا کی جا سکیں، خصوصاً موسمِ گرما کی شدت کو مدنظر رکھتے ہوئے۔ اس کے ساتھ ہی کھانوں میں تنوع پر بھی توجہ دی گئی ہے تاکہ عراق کے مختلف علاقوں اور ہمسایہ ممالک اور دنیا بھر سے آنے والے زائرین کے ذوق و مزاج کے مطابق خدمات فراہم کی جا سکیں۔
روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام بڑی مناسبات خصوصا زیارت اربعین کے دوران زائرین کو مکمل آرام و سکون اور سہولیات فراہم کرنے کا خواہاں ہے، اور اس سلسلے میں تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔



