اربعینی زائرین کی خدمت میں روضہ حضرت عباسؑ کا کردار قابلِ ستائش ہے: وفدِ روضہ مبارک امام رضا علیہ السلام

روضہ مبارک امام رضا علیہ السلام کے ایک وفد نے چہلم امام حسین علیہ السلام کی مناسبت پر زائرین اربعین کو فراہم کی جانے والی خدمات پر روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کی بھرپور تحسین کی ہے۔

ان خیالات کا اظہار وفد نے روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام سے منسلک ابا الفضل العباس علیہ السلام سروس کمپلیکس کے دورے کے دوران کیا، جس کا مقصد زائرین کو فراہم کی جانے والی خدمات کا جائزہ لینا تھا۔ اس موقع پر کمپلیکس کے نگران سید جوادحسناوی نے مہمان وفد کا استقبال کیا۔

وفد کے ایک رکن ڈاکٹر محمد حسن نے کہا: "آج ہمیں ابا الفضل العباس (علیہ السلام) کمپلیکس کا دورہ کرنے کا اعزاز حاصل ہوا، جو کہ زائرین کے لیے فراہم کی جانے والی جامع خدمات کی بنا پر زائرین کے راستے پر واقع بہترین خدماتی مراکز میں شمار ہوتا ہے۔"

انہوں نے مزید کہا کہ"وفد کی جانب سے اس عظیم خدماتی کاوش کے اعتراف میں، کمپلیکس کے منتظمین کو روضہ مبارک امام علی ابن موسیٰ الرضا علیہ السلام کا علم مبارک پیش کیا گیا، تاکہ اُن کی زائرینِ کربلا کی خدمت میں کی جانے والی کوششوں کو سراہا جا سکے۔"

واضح رہے کہ ابا الفضل العباس سروس کمپلیکس، روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے زیرِ انتظام سب سے بڑے خدماتی مراکز میں سے ایک ہے، جو 60,000 مربع میٹر رقبے پر محیط ہے۔ یہ نجف و کربلا کے درمیان واقع ہے اور زائرین کو متنوع خدمات فراہم کرتا ہے، جن میں قیام و آرام کی جگہیں، مہمان نوازی، طبی امداد، دینی رہنمائی اور دیگر سہولیات شامل ہیں۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: