روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے متولی شرعی کے دفتر سے وابستہ شعبہ برائے امور خواتین کے تحت کام کرنے والے الکفیل ریڈیو نے نجف–کربلا شاہراہ پر واقع ابی الفضل العباس علیہ السلام سروس کمپلیکس میں خواتین زائرین کے لیے ایک ثقافتی مقابلے کا انعقاد کیا۔
الکفیل ریڈیو کی سربراہ محترمہ نور العلی نے اس حوالے سے بتایا:"یہ ثقافتی مقابلہ خواتین زائرین میں زیارتِ اربعین کے مفاہیم اور امام حسین علیہ السلام و اہلِ بیت علیہم السلام سے منسوب دینی و روحانی اقدار سے آگاہی اور شعور اجاگر کرنے کے مقصد سے منعقد کیا گیا۔"
انہوں نے مزید کہا:"یہ مقابلہ خواتین زائرین کی بھرپور شرکت اور روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کی جانب سے پیش کیے جانے والے ثقافتی پروگراموں سے ان کے گہرے تعلق کا مظہر ہے، جو شرکاء کے دینی و سماجی شعور کے فروغ میں مؤثر کردار ادا کرتا ہے۔"
ان کا کہنا تھا کہ:"مقابلے کے سوالات اس انداز سے ترتیب دیے گئے تھے کہ وہ شرکاء کی دینی اور تاریخی معلومات میں مثبت اضافہ کریں۔"
محترمہ نور العلی نے بتایا کہ:""یہ سرگرمی الکفیل ریڈیو کی اُن جاری علمی و فکری کاوشوں کا تسلسل ہے، جو زیارتِ اربعین کے موقع پر خواتین زائرین کی آگاہی، فکری تربیت اور شعوری ارتقاء کے لیے ترتیب دی گئی ہیں، تاکہ امام حسین علیہ السلام کے انسانیت پر مبنی آفاقی پیغام کو بھرپور اور مؤثر انداز میں دنیا تک پہنچایا جا سکے۔"



