آج ماہ صفر کی اٹھارہ تاریخ ہے اور اربعین امام حسین(ع) کے احیاء کے لیے مواكب اور حسینی هيئات کے ماتمی جلوسوں کی روضہ مبارک امام حسین(ع) اور روضہ مبارک حضرت عباس(ع) میں آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
یہ عزائی جلوس شارع باب قبلہ امام حسین(ع) کی ابتدا سے برآمد ہو رہے ہیں جہاں سے وہ روضہ مبارک امام حسین(ع) میں پہنچ کر پرسہ پیش کر رہے ہیں، جلوسوں میں پڑھے جانے والے نوحے اور عزاداروں کا ماتم سانحہ کربلا پر غم وغصہ اور دلوں کی گہرائیوں میں موجود تکلیف کی عکاسی کر رہا ہے۔ تمام جلوس نوحہ خوانی کرتے ہوئے ما بین الحرمین سے گزرتے ہیں اور روضہ مبارک حضرت عباس(ع) میں حاضری دیتے ہیں جہاں ماتم کا پرجوش پرسہ پیش کرنے کے بعد اختتام پذیر ہو جاتے ہیں۔
جلوسوں میں عراق اور دنیا بھر سے آئے عزاداروں کی بڑی تعداد شریک ہے، جو امام حسین(ع) کی حق و انصاف کی راہ میں دی گئی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کر رہی ہے۔
کربلا کے دونوں مقامات مقدسہ سے وابستہ شعبہ شعائر حسینی و مواکب حسینی کی جانب سے مراسم عزاء کے احیاء، عزائی تقریبات کے انعقاد اور ماتمی جلوسوں کی برآمدگی اور نقل و حرکت ایک منظم منصوبے کے مطابق ہوتی ہے، ہر جلوس کا راستہ اور وقت پہلے سے مقرر ہوتا ہے۔ شعبہ شعائر حسینی و مواکب حسینی کا عملہ ہر جلوس کے شروع ہونے سے لے کر اختتام تک اس کے ساتھ ہوتا ہے، تاکہ ایک پرسکون اور محفوظ ماحول میں مراسم عزا کی ادادئیگی کو ممکن بنایا جا سکے۔









