عراق اور بیرونِ ممالک سے آئے ہوئے دسیوں ہزاروں زائرین نے زیارت اربعین کے احیاء، مراسم زیارت کی ادائیگی اور عزاداری کے قیام کے لئے روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے زیر انتظام مقامِ امام مہدیؑ (عجل اللہ فرجہ الشریف) میں حاضری دی۔
روضہ مبارک کے متعلقہ شعبوں نے زائرین کے استقبال کے لیے خصوصی انتظامات کیے، جن کا مقصد ایک روحانی، منظم اور پُرسکون فضا فراہم کرنا تھا، تاکہ وہ اربعینِ امام حسین علیہ السلام کو مذہبی عقیدت و احترام سے منا سکیں۔
مقامِ مقدّس میں مجالسِ عزاء کا اہتمام کیا گیا، جن میں امام حسینؑ کی سیرتِ مبارکہ اور ان کے عظیم مشن پر روشنی ڈالی گئی۔ پورا ماحول سوگوار تھا ااور زائرین نے پرنم آنکھوں اور عقیدت بھرے دلوں کے ساتھ امام مظلومؑ کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
کربلا مقدسہ نے ان ایّام کے دوران لاکھوں زائرین کا استقبال کیا، جو عراق کے مختلف علاقوں اور دنیا بھر سے پیدل سفر کرتے ہوئے مقامات مقدسہ کربلا پہنچے، تاکہ مراسم زیارت اربعین میں شرکت کر سکیں۔
واضح رہے کہ روضہ مبارک حضرت عباس(ع) اربعین کے احیاء کے لیے آئے ہوئے زائرین کی خدمت کے لیے اپنے تمام تر وسائل کو بروے کار لائے ہوئے ہے اور اس مقصد کے لیے اپنے پہلے سے تیار کردہ لائحہ عمل کے مطابق سیکیورٹی، صحت، خدمات، قیام، طعام اور لاجسٹک امور میں اپنی کاوشوں کو جاری رکھے ہوئے ہے۔



