روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے سیکریٹری جنرل کا زائرین اربعین کو فراہم کی جانے والی خدمات کا جائزہ لینے کے لئے فیلڈ وزٹ

روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے سیکریٹری جنرل سید مصطفی مرتضیٰ آل ضیاء الدین نے مواکب اور مختلف شعبہ جات کی جانب سے زائرین اربعین کو فراہم کی جانے والی خدمات کا جائزہ لینے کے لیے فیلڈ وزٹ کیا۔

اس موقع پر اُن کے ہمراہ شعبۂ تحفظِ نظام کے سربراہ سید حسین شہرستانی، بین الحرمین ڈویژن کے سربراہ سید حسام حسین، اور دیگر متعلقہ شعبہ جات کے متعدد نمائندگان بھی موجود تھے۔

اس موقع پر سید آل ضیاء الدین نے کہا: "ہم اللہ ربّ العزت سے دعاگو ہیںکہ وہ اُن خدام کی مخلصانہ کاوشوں کو اپنی بارگاہ میں شرفِ قبولیت عطا فرمائے، جنہیں سیدالشہداء امام حسین علیہ السلام اور اُن کے باوفا بھائی حضرت عباس علیہ السلام کی خدمت کا شرف حاصل ہوا ہے، خصوصاً اربعین کے ایام میں، جب یہ خدمت ایک عظیم سعادت بن جاتی ہے۔"

انہوں نے مزید کہا کہ:"یہ دورہ اُن سلسلہ وار دوروں کا حصہ ہے جو ایامِ اربعین کے دوران کیے جا رہے ہیں۔ آج کا دورہ بالخصوص اُن مواکب اور خدماتی مراکز پر مرکوز تھا جنہوں نے اپنی تمام تر توانائیاں اور وسائل زائرین کی خدمت کے لیے وقف کر دیے ہیں۔"

سکریٹری جنرل نے بتایا کہ دورے کے دوران روضہ مبارک کی اُن سروس سائٹس اور شعبہ جات کا بھی جائزہ لیا گیا جو زائرین کو براہِ راست خدمات و سہولیات فراہم کرتے ہیں۔ ان میں شعبہ حرم شریف، صحنِ مطہر، شعبہ السّادہ الخدم، زینبیات ڈویژن، شعبۂ خدماتِ عامہ، شعبۂ تحفظِ نظام، بین الحرمین ڈویژن، اور شعبۂ مضیف شامل ہیں۔ یہ تمام شعبے زائرین کو کھانے پینے، سیکیورٹی اور نظم و نسق جیسی بنیادی خدمات فراہم کرنے میں مصروف ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ:"کچھ شعبے لاجسٹک سپورٹ مہیا کرتے ہیں، جیسے انڈسٹریز اینڈ کرافٹس ڈویژن، مینٹیننس اینڈ انجینئرنگ کنسٹرکشن ڈویژن اور انجینئرنگ پروجیکٹس ڈویژن، جبکہ دیگر شعبہ جات ان خدماتی شعبوں کو معاونت فراہم کرتے ہیں، جن میں شعبہ فکر و ثقافت، میڈیا ڈیپارٹمنٹ، قرآن علمی کمپلیکس، شعبہ پائیدار ترقی، شعبہ تعلقات عامہ، شعبہ انسانی وسائل اور شعبہ تعلیم و تربیت شامل ہیں۔ یہ تمام شعبے خدماتی کاموں میں معاونت کرتے ہیں تاکہ زائرین کو اعلیٰ سطح کی خدمات فراہم کی جا سکیں۔۔"

سید آل ضیاء الدین نے اس بات پر زور دیا کہ:"ان دوروں کا مقصد اولاً ان خدام اور شعبہ جات کی حوصلہ افزائی کرنا اور انہیں عملی تعاون فراہم کرنا ہے، جو دن رات زائرین کی خدمت میں مشغول ہیں اور جن کی خدمات بلاشبہ لائقِ تحسین ہیں۔ دوم، اُن چیلنجز اور مشکلات کی بروقت نشاندہی کرنا ہے جو دورانِ زیارت پیش آتے ہیں، تاکہ آئندہ برس ان کے مؤثر حل تلاش کیے جا سکیں—خصوصاً جب کہ زیارتِ اربعین دنیا کا سب سے بڑا مذہبی اجتماع شمار کی جاتی ہے۔"

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے تمام خدام، انتظامیہ سے لے کر ہر شعبے تک، اپنی بھرپور توانائیاں بروئے کار لاتے ہوئے زائرین کی خدمت میں مصروف ہیں، اور انہیں برسوں کا تجربہ حاصل ہے جو انہیں ہر قسم کے چیلنج سے نمٹنے، متبادل اقدامات اپنانے اور مشکلات پر قابو پانے کے قابل بناتا ہے۔

آخر میں، سیکریٹری جنرل نے اس امر پر زور دیا کہ:"ہماری تمام تر کوششوں کا واحد مقصد یہ ہے کہ ان زائرین کو بہترین خدمات فراہم کی جا سکیں، جو عشق و عقیدت سے سرشار ہو کر کربلا کی طرف رواں دواں ہیں۔ ان کے دل امام حسین علیہ السلام اور اس مقدس سرزمین کی محبت میں دھڑکتے ہیں، اور ہم اس بات کو اپنا اعزاز سمجھتے ہیں کہ ہمیں ان کی خدمت کا موقع ملا۔"
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: