روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے شعبۂ مضیف نے زیارتِ اربعین کے دوران فراہم کی گئی خدمات کے اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اس بابرکت مناسبت پر زائرینِ امام حسین علیہ السلام کو مجموعی طور پر 73 لاکھ 90 ہزار (7,390,000) کھانے کے پیکٹس فراہم کیے گئے۔
شعبہ مضیف نے یکم صفر سے ہی ایک جامع منصوبہ ترتیب دیا تھا، تاکہ ایام اربعین میں زائرین کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیشِ نظر اُنہیں بروقت اور منظم انداز میں غذائی خدمات فراہم کی جا سکیں۔
شعبہ مضیف کے منصوبے کے تحت زائرین حسینی کو روزانہ تین وقت کے مرکزی کھانوں کے علاوہ وقفے وقفے سے ہلکی پھلکی اضافی غذائیں، مشروبات، پھل اور جوسز بھی پیش کئے گئے۔اس سال پہلی بار بعض نئے کھانوں کو بھی مینیو میں شامل کیا گیا ہے، تاکہ زائرین کے مختلف ذوق اور غذائی ضروریات کا بہتر طور پر خیال رکھا جا سکے۔
شعبہ مضیف نے رضاکاروں کے تعاون سے زائرین اربعین کو کھانے کی خدمات فراہم کرنے کے لئے مختلف مقامات پر قائم دس سروس پوائنٹس قائم کئے۔ یہ سروس پوائنٹس کربلا کے مختلف اہم راستوں اور مرکزی مقامات پر قائم کئے گئے تھے، جن میں شامل ہیں:باب قبلہ اسٹریٹ (روضہ مبارک حضرت اعباسؑ کے سامنے)، شارع الحوراء (سلام اللہ علیہا)، باب امام الجواد علیہ السلام، مہمان سرا امام ہادی علیہ السلام، امام عسکری علیہ السلام کمپلیکس، میثم تمار اسٹریٹ پر واقع مہمان خانہ کا گودام، شارع امام علی علیہ السلام پر قائم مرکز، علوی مارکیٹ میں قائم سروس پوائنٹ۔






