روضہ مبارک حضرت عباس (ع) کے زیراہتمام دارالحکومت بغداد میں دوسرے سالانہ "ترتیل الرأس" فیسٹیول کا انعقاد

روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے قرآن علمی کمپلیکس سے وابستہ قرآن انسٹی ٹیوٹ (بغداد برانچ) کے زیراہتمام، وزارتِ نوجوانان و کھیل کے تعاون سے دارالحکومت بغداد میں دوسرا سالانہ "ترتیل الرأس" فیسٹیول منعقد کیا گیا۔

یہ فیسٹیول پانچ روز تک جاری رہنے والی متنوع قرآنی و ثقافتی سرگرمیوں پر مشتمل ہے، جن میں قرآنی محافل، فکری سیمینارز، مجالسِ حسینی، ایک قرآنی مقابلہ اور کتب اور تصاویر کی نمائش شامل ہیں۔

فیسٹیول کے پہلے روز کا آغاز ایک روح پرور قرآنی محفل سے ہوا، جس میں معروف قراء کرام اُسامہ کربلائی، احمد الحلّو اور حیدر جلوخان نے تلاوتِ کلامِ پاک کا شرف حاصل کیا، جب کہ قرآن اور ثقافت سے وابستہ مومنین و شرکاء کی بڑی تعداد نے اس بابرکت محفل میں شرکت کی۔

تقریب کے افتتاحی خطاب میں قرآن کمپلیکس کے معاونِ تعلیمی ڈاکٹر ابراہیم التمیمی نے کہا کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے قرآنِ مجید اور اپنی پاک عترت کو دو گراں قدر امانتیں قرار دیا ہے جو ایک دوسرے سے جدا نہیں ہوں گی۔ انہوں نے کہا کی کہ قرآن اللہ کی وحی ہے جو الفاظ کی صورت میں نازل ہوئی، جبکہ امام حسین علیہ السلام اس وحی کا مجسم اورعملی اظہار ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کربلا کی عظیم جنگ میں قرآن کے انوار اور امام حسین علیہ السلام کے انوار ایک دوسرے سے جا ملے تاکہ انسانیت کو عزت و کرامت کا ابدی پیغام دیا جا سکے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ امام حسین علیہ السلام کا قیام قرآن کو زندہ اور مؤثر رکھنے کے لیے تھا۔

قرآن انسٹی ٹیوٹ بغداد برانچ کے ڈائریکٹر جناب نبیل الساعدی نے اپنے خطاب میں کہا:"یہ فیسٹیول محض ایک ثقافتی یا تقریباتی پروگرام نہیں بلکہ ایک پیغامِ حیات ہے جو اپنے مختلف گوشوں میں قرآنی اور فکری مواد کو سمیٹے ہوئے ہے۔"

"ترتیل الرأس" فیسٹیول ان سالانہ تقاریب میں سے ہے جن کے انعقاد پر علمی و قرآنی حلقے خصوصی توجہ دیتے ہیں، تاکہ قرآنی تشخص کو فروغ دیا جا سکے، تحریکِ حسینی کی اقدار کو زندہ رکھا جا سکے، اور مذہبی ثقافت کو معاشرتی شعور کی تعمیر میں مؤثر کردار ادا کرنے کا موقع فراہم کیا جا سکے۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: