ما بین الحرمین الشریفین میں منعقدہ اس مجلس میں روضہ مبارک امام حسین(ع) کے متولی شرعی علامہ شیخ عبدالمہدی کربلائی، روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے متولی شرعی علامہ سید احمد صافی، دونوں روضات مقدسہ کے خدام، اور بڑی تعداد میں علمی، سماجی اور سرکاری شخصیات نے شرکت کی۔
روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی مجلس ادارہ کے رکن ڈاکٹر افضل شامی نے اس حوالے سے بتایا کہ آج روضہ مبارک امام حسین(ع) اور روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی طرف سے حجۃ الاسلام و المسلمین سید محمد علی بحر العلوم (رح) کی روح کے ایصال ثواب کے لیے مجلس ترحیم اور فاتحہ خوانی کا انعقاد کیا گیا، مرحوم سید بحرالعلوم حوزہ علمیہ نجف اشرف کے بزرگ استاد اور دین و علم کی خدمت میں قدآور کردار ادا کرنے والے مشہور خاندان کے علمی چشم وچراغ تھے۔
انہوں نے مزید کہا: کہ ایسی شخصیت کا انتقال علمی اور مذہبی حلقوں کے لیے ایک بہت بڑا نقصان ہے۔ ہم مرحوم سید کو الوداع کرتے ہوئے، تمام علماء کرام اور مومنین کو تعزیت پیش کرتے ہیں۔ ہم اللہ سے دعا گو ہیں کہ وہ انھیں اپنی وسیع رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور ان کے اہل خانہ اور شاگردوں کو صبر و سکون سے نوازے۔

















































