ایرانی خطاطوں نے نایاب نسخۂ قرآن روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کو ہدیہ کیا ہے

ایرانی خطاطوں نے محبت و عقیدت کے جذبے سے سرشار ہو کر قرآنِ کریم کا ایک نایاب و نفیس خطی نسخہ روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کو بطورِ ہدیہ پیش کیا ہے۔ یہ نسخہ ماہر ایرانی خطاطوں اور ماہرینِ فن کی ایک ٹیم نے نہایت خوش‌خطی، دیدہ زیب تزئین اور اعلیٰ جلدسازی کے ساتھ تیار کیا ہے۔

اس موقع پر روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے نائب سیکرٹری جنرل عباس موسیٰ احمد اور قرآن علمی کمپلکس کے سربراہ ڈاکٹر مشتاق العلی نے نایاب قرآنی نسخہ لے کر آنے والے مہمانوں کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔

نائب سیکرٹری جنرل نے اس حوالے سے بتایا: ہمیں قرآنِ کریم کا ایک مبارک نسخہ موصول ہوا ہے جو مکمل طور پر ایرانی ماہرین کے ہاتھوں سے خطاطی، تزئین و آرائش اور جلدسازی کے مراحل سے گزر کر ایک سال سے زائد عرصے میں تیار کیا گیا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ: یہ نسخہ معروف ایرانی خطاط کی طرف سے حضرت ابو الفضل العباس(ع) کے حضور نذر کے طور پر پیش کیا گیا ہے کہ جو فنِ خطاطی، اور دستی تزئین و ڈیزائنگ کا شاہکار ہے۔ یہ گراں قدر نسخہ روضہ مبارک حضرت عباس(ع) میں بطورِ یادگار محفوظ رکھا جائے گا۔

خطاطی کے اس منصوبے کے سربراہ اور ممتاز ایرانی خوش‌نویس عزیز اللہ آدارانج نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا: یہ نسخہ ایک سال سے زائد عرصے میں مکمل کیا گیا، جس میں چھ ماہرین پر مشتمل ایک ٹیم نے خطاطی، تزئین اور دیگر فنّی امور انجام دیے۔

ان کے مطابق یہ نسخہ 60 × 45 سنٹی میٹر کے حجم پر مشتمل ہے، جبکہ جلدسازی، ڈیزائننگ اور دیگر تزئینی مراحل ایران کے تاریخی شہر اصفہان میں مکمل کیے گئے۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: