جامعہ الکفیل نے "یومِ مفتوح" (Open Day) کے عنوان سے ایک بامقصد اور بامعنی تعلیمی سرگرمی کا انعقاد کیا، جس کا مقصد حال ہی میں انٹرمیڈیٹ کرنے والے طلباء کو جامعہ کے تعلیمی شعبہ جات اور ان کے روشن تعلیمی و پیشہ ورانہ مستقبل سے آگاہ کرنا تھا۔
اس موقع پر جامعہ کے صدر، ڈاکٹر نورس شہید دہان نے طلباء اور ان کے والدین کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ ان کے ہمراہ مختلف فیکلٹیوں کے ڈینز اور ان کے معاونین بھی موجود تھے۔ جامعہ کے کھلے پن، سماج سے وابستگی اور براہِ راست روابط کے جذبے نے اس تقریب کو خوشگوار اور پُراثر ماحول میں تبدیل کر دیا۔
جامعہ کی طرف سے اس اقدام کا مقصد ابتدا سے ہی طلباء اور ان کے سرپرستوں کے ساتھ مضبوط تعلقات قائم کرنا ہے۔ اس موقع پر مہمانوں کو جامعہ کے جدید انفراسٹرکچر، جدید ترین سائنسی لیبارٹریز، اور مؤثر تعلیمی نظام سے روشناس کرایا گیا، کہ جس پر جامعہ اپنے مختلف تعلیمی شعبہ جات میں عمل پیرا ہے۔
طلباء اور ان کے والدین نے جامعہ کی ہمہ جہت تعلیمی فضا، معیاری سہولیات اور منظم انتظامی ڈھانچے کو سراہا اور اپنے گہرے اور خوشگوار تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے اسے عراق میں اعلیٰ تعلیم کا ایک مثالی نمونہ قرار دیا۔
واضح رہے کہ جامعہ الکفیل میں مختلف علمی شعبے موجود ہیں، جن میں شامل ہیں:
کلیہ طب (میڈیکل کالج)
کلیہ طب الاسنان (ڈینٹل کالج)
کلیہ الصیدلۃ (فارمیسی کالج)
کلیہ الہندسۃ التقنیۃ (ٹیکنیکل انجینئرنگ کالج)
کلیہ العلوم (سائنس کالج)
کلیہ التقنیات الصحیۃ والطبّیۃ (ہیلتھ و میڈیکل ٹیکنالوجی کالج)، جس میں متعدد تخصصات شامل ہیں۔
یہ تقریب جامعہ الکفیل کے اس وژن کی واضح عکاسی کرتی ہے جس میں تعلیم کو صرف علم کا وسیلہ نہیں بلکہ معاشرتی ترقی کا زینہ سمجھا جاتا ہے۔


