روضۂ مبارک حضرت عباس(ع) کے ذیلی ادارے "دارُ علومِ نہجِ البلاغہ" میں خطابت کی فنّی و فکری تشکیل سے متعلق پہلے تخصّصی تربیتی کورس کے دروس کا سلسلہ تسلسل کے ساتھ جاری ہے، جو نہج البلاغہ کی تعلیمات کی روشنی میں خطابت کرنے کے لیے ترتیب دیا گیا ہے۔
اس کورس میں استاد کے فرائض انجام دینے والے سید مرتضیٰ موسوی نے بتایا کہ ادارہ اپنے تربیتی پروگرام کو (صناعة الخطاب على هدي نهج البلاغة) کے عنوان سے مرحلہ وار آگے بڑھا رہا ہے۔ ان کے مطابق بارہویں ہفتے کی نشست میں نہج البلاغہ کی روشنی میں اصولِ اعتقاد کے بنیادی اور مرکزی مباحث پر تفصیل سے گفتگو کی گئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس نشست میں امامت کے موضوع کو مرکز بنا کر امام علی(ع) کے اس حوالے سے ارشادات تشریح بیان کی گئی۔ ساتھ ہی عصرِ غیبت میں مومنین پر عائد ذمہ داریوں اور امامِ زمانہ(عجل الله تعالی فرجه الشریف) کے حوالے سے ان کے دینی و اخلاقی کردار پر بھی روشنی ڈالی گئی۔
واضح رہے کہ یہ کورس خطباء، مبلغین اور دینی علوم کے طلباء کے لیے مرتب کیا گیا ہے، جس میں علمی اندازِ بیان، عملی تربیت، صوتی ادائیگی اور فنونِ خطابت کو یکجا کیا گیا ہے، تاکہ ایک ایسا باصلاحیت طبقہ تیار ہو سکے جو نہج البلاغہ کے معارف کو منبرِ حسینی کی خدمت میں مؤثر انداز میں بروئے کار لا سکے۔



