علامہ سید صافی کا فلم ”ثلاثية الماء“ کو خراجِ تحسین—انسان سازی میں معاون فنّی تخلیقات کی بھرپور حمایت کا اعلان

روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے متولیِ شرعی، علامہ سید احمد صافی نے فلم ”ثلاثية الماء“ کی اعلیٰ فنّی اور فکری کاوشوں کو سراہتے ہوئے اس بات کے عزم کا اعادہ کیا کہ روضہ مبارک ایسے فنّی منصوبوں کی حمایت جاری رکھے گا جو انسان کی تعمیر و تربیت میں معاون ثابت ہوں۔

یہ اظہارِ خیال اُنہوں نے روضہ مبارک کے میڈیا ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ سید علی بدری، اور اس فلم کو تیار کرنے والے مرکز الجود برائے اینیمیشن کے عملے سے ملاقات کے دوران کیا۔ تین ابواب پر مشتمل اس فلم میں حضرت اسماعیل(ع) کے قصے میں زمزم کے معجزاتی ظہور، پھر حضرت عبدالمطلب(رض) کے ہاتھوں اس کی دوبارہ دریافت، اور بعد ازاں معرکہ صفّین کا وہ منظر پیش کیا گیا ہے جب امام علی(ع) کے لشکر نے پانی پر دسترس ملنے کے باوجود لشکرِ معاویہ کو پانی فراہم کیا۔



علامہ صافی نے زور دے کر کہا کہ روضۂ مبارک اُن فنّی صلاحیتوں اور تخلیق کاروں کی سرپرستی اور حوصلہ افزائی کرتا رہے گا جو اسلامی تاریخ اور اہلِ بیت(ع) سے متعلقہ تراث کو نئی نسل تک پہنچانے میں مؤثر کردار ادا کرتے ہیں۔


انہوں نے یہ نکتہ بھی اجاگر کیا کہ امام علی(ع) کی مقدس سیرت نورانی دروس سے بھرپور ہے، جو فرد اور معاشرے دونوں کے لیے ایک مکمل عملی دستور بن سکتی ہے، بشرطیکہ اُسے نوجوانوں کے سامنے مناسب انداز میں پیش کیا جائے۔

سید علی بدری نے اس حوالے سے کہا کہ میڈیا ڈیپارٹمنٹ مختلف صحافتی اور فنّی میدانوں میں تیزی سے ترقی کرتے ہوئے ایسا تخلیقی مواد تیار کر رہا ہے جو اہلِ بیت(ع) کی حیاتِ مبارکہ کے اہم پہلوؤں کو اجاگر کرے اور اُسے نوجوانوں سمیت وسیع تر معاشرے تک بامقصد انداز میں پہنچائے، نیز روضہ مبارک کی کامیابیوں کو تاریخ کا حصہ بنائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے ڈیپارٹمنٹ سے منسلک الجود سنٹر کی فنّی ٹیم دو بُعدی اور سہ بُعدی اینیمیشن کے متعدد منصوبوں پر کام کر رہی ہے، جن کا ہدف مختلف عمر کے ناظرین تک بامعنی اور دلکش فنّی پیغام پہنچانا ہے۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: