روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) کے شعبۂ صحن نے یومِ شہادتِ مولائے کائنات حضرت علی ابن ابی طالب (علیہ السلام) اور شبہائے قدر کے حوالے سے دیگر انتظامات کے علاوہ زائرین کے لیے قرآن کریم، زیارات اور دعاؤں کی کتب کا وسیع پیمانے پر انتظام کیا ہے۔
مذکورہ بالا شعبہ کے معاون سربراہ، زین العابدین قریشی نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا: ہمارے عملے نے روضہ مبارک کے صحنِ اطہر اور زیرِ زمین سردابوں میں موجود الماریوں میں 30 ہزار سے زیادہ نسخہ ہائے قرآن مجید،اور دعاؤں و شبِ قدر کی مخصوص زیارات و عبادات کی کتب رکھ دی ہیں تاکہ زائرینِ کرام کو مراسمِ عزاء و زیارت اور اعمال کی ادائیگی کے لیے ایک بہترین ماحول میسر آ سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس موقع پر بڑی تعداد میں کتب ادعیہ کی فراہمی روضہ مبارک کے ان مربوط خدماتی انتظامات کا حصہ ہیں جن کا مقصد زائرین کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنا ہے۔ خاص طور پر ماہِ رمضان المبارک کے دوران زائرین کی بڑی تعداد کی آمد کے پیشِ نظر ہر ممکن طریقے سے ایسے انتظامات کیے گئے ہیں کہ مراسمِ زیارت اور عبادات کی ادائیگی میں کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔







