روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) سے وابستہ قرآن علمی کمپلیکس کی جانب سے دارالحکومت بغداد میں منعقدہ امام المجتبیٰ(علیہ السلام) ٹیم مقابلے کے اختتام پر ایک بابرکت قرآنی محفل کا انعقاد کیا گیا۔
قرآن علمی کمپلیکس سے منسلک قرآنی انسٹی ٹیوٹ بغداد برانچ کے زیراہتمام اس مقابلے کا انعقاد مسجد وامام بارگاہ ابوطالب (علیہ السلام) میں کیا گیا، جس میں شریک ٹیموں نے علومِ قرآن، فقہ، عقائد، اخلاقیات اور سیرتِ اہل بیت (علیہم السلام) کے میدان میں اپنی علمی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
اختتامی تقریب کا آغاز ڈاکٹر رفیق العامری نے تلاوتِ کلامِ پاک سےکیا۔ اس موقع پر اعلیٰ مذہبی قیادت کے نمائندے شیخ عیسیٰ المسعودی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس مقابلے کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو علومِ اہل بیت (علیہم السلام) سے روشناس کرانا ہے۔ اس مقصد کے لیے پانچ ایسی کتب کا انتخاب کیا گیا تھا جو قرآن، معرفت، فقہ، اخلاق اور سیرت جیسے اہم موضوعات کا احاطہ کرتی ہیں۔
انسٹی ٹیوٹ کی زعفرانیہ برانچ کے سربراہ جناب مصطفیٰ الکعبی نے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ دین کی حقیقی نصرت ایک باشعور قرآنی فرد کی تعمیر سے شروع ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے منعقدہ یہ تعلیمی سرگرمیاں دراصل وہ تعمیری منصوبے ہیں جو ایک ایسی قرآنی نسل کی تشکیل میں معاون ثابت ہوں گے، جس کی سوچ اور عمل دونوں قرآنی تعلیمات کے آئینہ دار ہوں۔
تقریب کے اختتام پر فائنلسٹ ٹیموں کے درمیان مقابلہ ہوا، جس کے بعد نتائج کا اعلان کیا گیا اور پوزیشن حاصل کرنے والے شرکاء و معاونین میں اعزازات تقسیم کیے گئے۔ یہ مقابلہ بغداد میں قرآن انسٹی ٹیوٹ کے ان پروگراموں کا حصہ ہے جن کا مقصد نوجوانوں میں مذہبی ثقافت کو فروغ دینا اور ان کے فکری و علمی شعور کو جلا بخشنا ہے۔
















