روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام)کے هيأة العليا برائے احیائے تراث اور العمید سائنٹفک اینڈ انٹلیکچوئل ایسوسی ایشن کے درمیان مشترکہ علمی تعاون کے طریقہ کار پر تبادلہ خیال کے لیے ایک ہم آہنگی اجلاس منعقد ہوا۔
کربلا معلی میں العمید سائنٹفک اینڈ انٹلیکچوئل ایسوسی ایشن کے ہیڈ کوارٹر میں منعقدہ اس اجلاس کی صدارت هيأة العليا برائے احیائے تراث کے مشیر شیخ مسلم الرضائی نے کی۔ ملاقات میں باہمی تعاون کے میکانزم پر بحث کی گئی اور مستقبل میں منعقد ہونے والی کانفرنسوں کی کامیابی کے لیے تنظیمی منصوبے وضع کیے گئے، تاکہ ایک ٹھوس علمی و تحقیقی کام پیش کیا جا سکے۔
دونوں اداروں کی جانب سے تین بین الاقوامی کانفرنسوں کے انعقاد پر اتفاق کیا گیا، جو درج ذیل ہیں:
تیرہویں بین الاقوامی امام حسن علیہ السلام کانفرنس۔
حوزہ علمیہ نجف اشرف کی ہزار سالہ تاریخ کے احیاء کے سلسلے میں دوسری تعارفی کانفرنس۔
عربی زبان میں علمائے حوزہ نجف اشرف کی خدمات، یہ کانفرنس رواں سال عربی زبان کے عالمی دن کے موقع پر منعقد کی جائے گی۔
هيأة العليا برائے احیائے تراث نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ مختلف علمی شعبوں میں جید علماء کے ورثے کو تحقیق، اشاعت اور خصوصی سیمینار و کانفرنسوں کے ذریعے اجاگر کرنے کی کوششیں جاری رکھے گا، تاکہ اس عظیم علمی میراث کی حفاظت اور تعلیمی حلقوں میں اس کی ترویج کو یقینی بنایا جا سکے۔




