روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) کے قرآن علمی کمپلیکس کی جانب سے صوبہ مثنیٰ میں دو قرآنی کورسز "زینۃ القرآن" اور "الاتقان القرآنی" کی اختتامی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
یہ تقریب کمپلیکس سے منسلک قرآن انسٹی ٹیوٹ مثنیٰ برانچ کی طرف سے منعقد کی گئی تھی۔اس تقریب کا مقصد "زینۃ القرآن" اور "الاتقان القرآنی" کے شرکاء کی حوصلہ افزائی کرنا اور اعزاز سے نوازنا تھا۔ "الاتقان القرآنی" حضوری کورس سید امیر علی الشمری کی زیرِ نگرانی، جبکہ "زینۃ القرآن" آن لائن کورس سید حسین علی السماوی کی زیرِ سرپرستی منعقد ہوا۔
تقریب کا باقاعدہ آغاز قاری حسین علی السماوی نے تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا۔انسٹیٹیوٹ کی نمائندگی کرتے ہوئے سید محمد آل بہية نے خطاب کیا۔ انہوں نے طلبہ کے غیر معمولی جوش و خروش اور عزم و استقلال کی تعریف کی اور اللہ کی کتاب اور اہلبیت علیہم السلام کے راستے پر چلنے کی اہمیت پر زور دیا۔
تقریب میں کورس 'الاتقان' میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے قاری ہشام حسین عبد الزہرہ اور کورس 'زینۃ القرآن' میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے قاری طالب محمد طالب نے تلاوت قرآنِ کریم کا شرف حاصل کیا۔
تقریب کے اختتام پر فارغ التحصیل طلباء اور پوزیشن ہولڈرز میں تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں تاکہ ان کی محنت اور دونوں کورسز کے تقاضوں کو کامیابی و امتیاز کے ساتھ پورا کرنے کی کوششوں کو سراہا جا سکے۔





