روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام)کے شعبہ فکری و ثقافتی امور نے "معز المومنین ثقافتی مقابلے" کے اختتام پر کربلا اور بابل کے کامیاب طلباء اور مثالی تعلیمی اداروں کو اعزاز سے نوازا ہے۔
شعبہ سے منسلک سید الماء ایجوکیشنل اینڈ کلچرل کمپلیکس کے ڈائریکٹر سید مہند البراک نے بتایا کہ یہ اقدام ان تعلیمی اور ثقافتی کوششوں کا تسلسل ہے جن کا مقصد طلباء میں مطالعے اور ذوقِ کتب بینی کو فروغ دینا ہے۔ اس مرحلے پر ان 40 طلباء کی حوصلہ افزائی کی گئی جنہوں نے تمام مراحل کامیابی سے طے کیے اور 500 سے زائد شرکاء کے درمیان ہونے والی قرعہ اندازی میں فاتح قرار پائے۔ اس طرح کے اقدامات کا مقصد نئی نسل میں فکری شعور کو بیدار کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس مقابلے کے کامیاب انعقاد میں تعاون کرنے والے تعلیمی اداروں کو بھی اعزاز سے نوازا گیا۔ کربلا کے 10 اور بابل کے 10 سکولوں کی انتظامیہ کو ان کے بھرپور تعاون اور کمپلیکس کے وفود کے فیلڈ وزٹس کے دوران سہولیات فراہم کرنے پر خصوصی اعزاز سے نوازا گیا ہے۔
یہ تقریب روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) اور تعلیمی اداروں کے درمیان اس مضبوط تعاون کی عکاس ہے، جس کا مقصد طلباء میں ثقافتی تشخص کو راسخ کرنا اور اعلیٰ اسلامی اقدار کو فروغ دینا ہے۔







