روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) کے میڈیا ڈیپارٹمنٹ کے فوٹوگرافر سامر خلیل الحسینی نے بین الاقوامی رمضان فوٹوگرافی مقابلے "روحانیات" میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔
الحسینی نے بتایا کہ یہ مقابلہ برطانوی کنگسٹن اکیڈمی کی جانب سے سعودی عرب میں منعقد کیا گیا۔اس عالمی مقابلے میں مجموعی طور پر 156 فوٹوگرافرز نے حصہ لیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ انہیں یہ کامیابی ہندوستان میں کھینچی گئی ایک ایسی تصویر کی بدولت ملی، جس میں انسانی جذبات کی نہایت ہی مؤثر اور دلنشین منظر کشی کی گئی ہے۔ تصویر میں ایک خاتون کو دکھایا گیا ہے جو حضرت عباس علمدار (علیہ السلام) کا علمِ مبارک دیکھ کر زار و قطار رو رہی ہے۔ یہ آنسو عراق میں موجود مقدسات کی زیارت کے شوق اور تڑپ کی عکاسی کرتے ہیں، جس نے اس منظر کی روحانیت اور جذبات کی سچائی کو گہرائی سے اجاگر کیا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اس مقابلے کا بنیادی مقصد دعا کی خوبصورتی اور خشوع و خضوع سے لبریز کیفیات کو اجاگر کرنا تھا اور ایسے انسانی لمحات کو محفوظ کرنا جو روحانی تعلق اور ایمانی اقدار کو ظاہر کریں، اور ان مناظر پر روشنی ڈالنا جو اللہ تعالیٰ سے اخلاص اور قربت کی عکاسی کرتے ہوں۔
آخر میں سامر الحسینی نےروضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام)اور میڈیا ڈیپارٹمنٹ کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کی بھرپور حمایت اور حوصلہ افزائی کی۔

