امام علی رضا (ع) کے جشنِ میلاد کی پر مسرت مناسبت پر مقامِ امام مہدی (عج) کی برقی قمقموں اور تہنیتی بینرز سے آرائش

اہل بیت علیھم السلام کی خوشیوں اور مسرتوں سے بھرے ایام میں سے ایک گیارہ ذی القعدہ کا دن بھی ہے کہ جس میں ہمارے آٹھویں امام حضرت رضا(علیہ السلام) اس دنیا میں تشریف لائے۔
اس پُرمسرت موقع پر روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) کے شعبہ مقامِ امام مہدی (عجل اللہ فرجہ الشریف) نے مقامِ مقدس میں جشن کے مظاہر آویزاں کرنا شروع کر دیئے ہیں۔

اس بابرکت مناسبت کی خوشی میں مقامِ امام مہدی (عج) اور گرد و نواح کو تہنیتی بینرز، رنگ برنگے برقی قمقموں اور آرائشی لڑیوں سے سجایا جا رہا ہے۔ ان بینرز پر جہاں اس یومِ سعید کی مناسبت سے ہدیہ تبریک و تہنیت پیش کیا گیا ہے، وہاں امام رضا(علیہ السلام) کے القاب اور فرامین بھی درج ہیں۔ یہ دلکش تزئین و آرائش کربلا کے اس مجموعی جشن اور ایمانی فضا کی عکاسی کر رہی ہے جو اس وقت پورے شہرِ مقدس میں نمایاں ہے۔

یہ کاوشیں اس تنظیمی منصوبے کا حصہ ہیں جو متعلقہ شعبے نے ائمہ اہل بیت (علیہم السلام) کے ایامِ ولادت کے احیاء کے لیے تیار کیا ہے، جس کا مقصد مقامِ مقدس کے گرد و نواح میں جشن کے مظاہر پھیلانا ہے اور خوبصورت سجاوٹ کے ذریعے زائرین کے لیے ایک روحانی اور پرمسرت ماحول فراہم کرنا ہے۔

واضح رہے کہ ہر سال کی طرح امسال بھی فرزندِ رسول امام علی رضا (علیہ السلام ) کا جشنِ میلاد روضہ مبارک حضرت عباس (ع) اور اس سے وابستہ مقامات پر انتہائی عقیدت و احترام اور جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: