العباس بریگیڈ نے حج کے قافلوں کی زمینی راستے سے بحفاظت روانگی کے لیے اپنے تمام تر سکیورٹی اور لاجسٹک انتظامات مکمل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
العباس بریگیڈ کے میڈیا سیل کے مطابق، ان انتظامات کے تحت صوبہ کربلا کے مغربی علاقے 'النخیب' سیکٹر میں تقریباً ایک ہزارجوانوں پر مشتمل اضافی نفری تعینات کی گئی ہے، جو دیگر سکیورٹی اداروں کے ساتھ مل کر ضیوفِ رحمان کی حفاظت کو یقینی بنائے گی۔
سکیورٹی پلان کے تحت مختلف دستوں کو 'الہباریہ' سے لے کر 'مفرق النخیب' تک کے مرکزی راستوں، اور وہاں سے رمادی و رطبہ کی جانب جانے والی شاہراہوں پر تقسیم کیا گیا ہے۔صحرائے انبار میں اہم چیک پوسٹوں پر حفاظتی دستے تعینات کیے گئے ہیں، جنہیں مختلف النوع گاڑیوں اور جنگی ساز و سامان کی مدد حاصل ہے۔ کسی بھی غیر متوقع صورتحال سے نمٹنے کے لیے 'کمانڈوز' کے ریزرو دستے اور خصوصی یونٹس بھی ہائی الرٹ رہیں گے۔
العباس بریگیڈ ہر سال متعلقہ سکیورٹی حکام کے ساتھ مل کر حج روٹ کی حفاظت کے منصوبے میں فعال شرکت کرتی ہے۔ اس کا مقصد حجاجِ کرام کے قافلوں کی بلا تعطل نقل و حرکت اور مقدس سرزمین کے سفر کے دوران ان کی سلامتی اور تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔



