شعبۂ دینی رہنمائی برائے خواتین کے زیرِ اہتمام جشنِ میلاد امام رضا(ع) کا انعقاد

روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) کے دفتر متولی شرعی برائے خواتین سے وابستہ 'شعبۂ دینی رہنمائی برائے خواتین' کی جانب سے آٹھویں تاجدارِ امامت حضرت امام علی رضا بن موسیٰ کاظم (علیہما السلام) کے جشن میلاد کی مناسبت سے ایک پروقار تقریبِ سعید کا انعقاد کیا گیا۔

مذکورہ بالا شعبہ کی سربراہ محترمہ عذراء شامی نے اس حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا: یہ تقریب روضہ مبارک کے اندر 'سردابِ امام موسیٰ کاظم (علیہ السلام)' میں منعقد کی گئی۔ جس کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، اس کے بعد شعبہ کی میڈیا یونٹ کی سربراہ محترمہ رجاء علی نے صاحبِ مناسبت امام(ع) کی سیرتِ طیبہ پر سیر حاصل گفتگو کی۔

انھوں نے مزید بتایا کہ تقریب کو دلچسپ اور معلومات افزاء بنانے کے لیے مختلف فقرات شامل کیے گئے تھے:

"سؤال وهدية" کے عنوان سے مذہبی اور ثقافتی معلومات پر مبنی کوئز مقابلہ منعقد کیا گیا جس میں درست جواب دینے والوں کو تحائف دیے گئے۔

بچوں کے لیے خصوصی طور پر 'براعم الکفیل' (الکفیل کے نونہال) کے عنوان سے ایک تعلیمی و تفریحی سیشن رکھا گیا۔

اس کے علاوہ روضہ مبارک کے صحنِ مطہر میں بھی زائرات کے لیے ایک 'معلوماتی مقابلہ' ترتیب دیا گیا تھا۔

تقریب کے دوران شعبہ سے وابستہ 'قرآنی یونٹ' کی قاریہ نے حضرت امام رضا (علیہ السلام) کی شانِ اقدس میں منظوم نذرانۂ عقیدت اور خوبصورت اشعار پیش کیے، جس نے محفل میں روحانی سماں باندھ دیا۔

واضح رہے کہ شعبۂ دینی رہنمائی اہل بیت (علیہم السلام) کے ایامِ خوشی و غم کو تسلسل کے ساتھ منانے کا اہتمام کرتا ہے، جس کا بنیادی مقصد معصومین (علیہم السلام) کی سیرتِ مبارکہ کی ترویج اور معاشرے میں ان کی اعلیٰ انسانی و اسلامی اقدار کو راسخ کرنا ہے۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: