روضہ مبارک کے شعبۂ دینی امور میں 'امدادی و معاونتی یونٹ' کے سربراہ شیخ حیدر عارضی نے اس حوالے سے بتایا: روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) کی جانب سے ایرانی اور لبنانی عوام کی امداد کے لیے عطیات جمع کرنے کی مہم بھرپور طریقے سے جاری ہے۔ یہ مہم اعلیٰ دینی قیادت کی اپیل پر لبیک کہتے ہوئے اور متولی شرعی علامہ سید احمد صافی کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں شروع کی گئی ہے۔
شیخ عارضی نے مزید کہا کہ وفد نے آمرلی کے مخیر حضرات سے ملاقات کر کے ان کا شکریہ ادا کیا اور شہریوں کو اس انسانی ہمدری کی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی ترغیب دی تاکہ متاثرہ بھائیوں کی مشکلات کو کم کیا جا سکے۔
اس موقع پر آمرلی کے مواکب کے سربراہ سید عدنان داؤد سلمان نے اہل علاقہ کی طرف سے اس مہم کے شروع کرنے پر روضہ مبارک کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اہالیانِ علاقہ اس مہم میں پورے جوش و جذبے کے ساتھ شریک ہیں۔ اب تک عطیات کی تین بڑی کھیپیں روضہ مبارک کے سپرد کی جا چکی ہیں اور یہ سلسلہ مسلسل جاری ہے۔
واضح رہے کہ روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) نے ان عطیات کی وصولی اور شفاف ترسیل کے لیے خصوصی کمیٹیاں تشکیل دی ہیں جو پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ اس امدادی مہم کا انتظام سنبھالے ہوئے ہیں۔








