روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) کے شعبہ فکری و ثقافتی امور نے عراقی علمی و تحقیقی ورثے کے تحفظ کے منصوبے میں "العراقیہ یونیورسٹی" کی شمولیت کا اعلان کیا ہے۔
اس منصوبے کی نگرانی شعبہ کے ڈیجیٹل انفارمیشن سینٹر کے ذریعے کی جاتی ہے، جوجو علمی مقالات اور تحقیقی کاموں کو محفوظ کرنے اور انہیں جدید ڈیجیٹل فارمیٹس میں تبدیل کرنے کا کام کرتا ہے۔
سینٹر کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر جناب صالح الحسناوی نے کہا کہ عر اقی علمی ورثے کے تحفظ کے منصوبے میں ' العراقیہ یونیورسٹی' کی شمولیت، تعلیمی اداروں کے ساتھ تعاون اور علمی ثمرات کو دستاویزی شکل دے کر محفوظ کرنے کے فریم ورک کا حصہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ "اس منصوبے کا بنیادی مقصد یونیورسٹی کے علمی مقالات اور رسائل کو کاغذی شکل سے ڈیجیٹل فارمیٹ میں منتقل کرنا ہے، تاکہ ان کے ضیاع کو روکا جا سکے اور محققین و ماہرین کے لیے ان تک رسائی کو آسان بنایا جا سکے۔
اس منصوبے کا مقصد روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) کی جانب سے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی حمایت، عراق کے علمی و فکری اثاثوں کی بحالی اور حفاظت اور مختلف شعبہ جات میں کام کرنے والے محققین کے لیے مستند علمی منابع کی فراہمی ہے۔
یہ پیش رفت روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) کی ان کاوشوں کا تسلسل ہے جو عراقی علمی و ثقافتی ورثے کو آنے والی نسلوں کے لیے محفوظ بنانے اور علمی اداروں کے درمیان مستحکم روابط قائم کرنے کے لیے کی جا رہی ہیں۔

