روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) کے دفتر متولی شرعی برائے خواتین سے وابستہ شعبہ دینی رہنمائی نے صوبہ نجف اشرف سے تعلق رکھنے والی خواتین کے ایک وفد کے لیے خصوصی ثقافتی پروگرام کا انعقاد کیا۔
اس حوالے سے شعبہ کی سربراہ محترمہ عذراء الشامی نے بتایا کہ پروگرام کا آغاز تلاوتِ قرآنِ کریم سے ہوا، جہاں قرآنی یونٹ کی قاریات نے آیاتِ بینات کی تلاوت کا شرف حاصل کیا۔ اس کے بعد وفد نے 'أين الشموس الطالعة ' پروگرام میں شرکت کی، جس کے دوران دعائے ندبہ کی تلاوت کی گئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پروگرام میں ایک تربیتی لیکچر بھی شامل تھا جس کا موضوع 'ثقافتِ انتظار اور زمانہ غیبت میں منتظرین کا کردار' تھا۔ یہ لیکچر شعبہ کی میڈیا اینڈ ایکٹیویٹیز یونٹ کی سربراہ نے دیا، انہوں نے اس موضوع پر بصیرت افروز گفتگو کرتے ہوئے عصرِ حاضر میں تصورِ انتظار کی اہمیت اور خواتین کے کلیدی کردار پر روشنی ڈالی۔
اس موقع پر نجف اشرف سے آئے ہوئے وفد کی سربراہ محترمہ سعود عبدالہادی نے روضہ مبارک کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ
شعبہ دینی رہنمائی کی علمی و ثقافتی کوششیں معاشرے میں بیداری پیدا کرنے کے لیے مشعلِ راہ ہیں ، اور خواتین کی تعلیمی و فکری آبیاری کے لیے اس طرح کے پروگرام وقت کی اہم ضرورت ہیں۔
واضح رہے کہ یہ شعبہ معاشرے کے تمام طبقات، بالخصوص خواتین میں مذہبی ثقافت کے فروغ کے لیے کوشاں ہے، جس کا مقصد اہلِ بیت (علیہم السلام) کے عظیم پیغام کی نشرواشاعت اور ان کے عظیم اہداف کی تکمیل ہے۔






