روضہ مبارک حضرت عباس (ع) کا لبنان میں امدادی سرگرمیاں جاری رکھنے کا عزم؛ 5 ہزار سے زائد افراد کو طبی خدمات فراہم

روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) کی جانب سے موجودہ مشکل حالات کے تناظر میں لبنانی عوام کی مدد کے لئے امدادی مہم جاری ہے اور اب تک 5 ہزار سے زائد افراد کو طبی خدمات فراہم کی جا چکی ہیں۔

لبنان میں روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) سے وابستہ 'اسلامک سینٹر فار اسٹریٹجک اسٹڈیز' کے ڈائریکٹر اور امدادی مہم کے رکن شیخ حسن احمد الہادی نے کہا کہ لبنان میں فراہم کی جانے والی طبی خدمات متاثرہ اور بے گھر خاندانوں کی مدد کے لیے مرتب کردہ ایک جامع امدادی پروگرام کا حصہ ہیں۔ اس مہم کے تحت 5 ہزار سے زائد مستحقین کو ضروری ادویات اور علاج فراہم کیا گیا ہے، خاص طور پر ان ادویات کی فراہمی پر توجہ دی گئی ہے جن کا موجودہ حالات میں حصول مشکل تھا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اس امدادی مہم کے تحت مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج مریضوں کے اخراجات کی جزوی ادائیگی بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ ایک ماہر کمیٹی کے ذریعے خواتین اور بچوں کی صحت اور انسانی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

شیخ الہادی نے واضح کیا کہ ہماری ٹیموں نے بیروت کے مختلف ہسپتالوں بشمول الزہراء (علیہا السلام) یونیورسٹی ہسپتال، ہسپتال الرسول الاعظم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) اور لبنان میڈیکل سینٹر (الحدث) کا دورہ کیا۔ اس دوران 48 زخمیوں کی عیادت کے علاوہ ان کی مالی معاونت بھی کی گئی۔

روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام)نے یہ امدادی مہم اعلی دینی قیادت کی پکار پر لبیک کہتے ہوئے شروع کی ہے، جس کے انتظام و انصرام کے لیے خصوصی کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں، تا کہ متاثرہ خاندانوں کو خوراک اور بنیادی ضرورت کی اشیاء فراہم کی جا سکیں اور ان کی مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: