روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے شعبہ طبی امور سے وابستہ الکفیل سینٹر فار پبلک ہیلتھ اینڈ سیفٹی نے اپنے خصوصی پروگرام (ہر گھر میں ایک بچانے والا ) کے تحت روضہ مبارک سے منسلک ملازمین کے لیے ابتدائی طبی امداد کی ایک تربیتی ورکشاپ منعقد کی ہے۔
ورکشاپ کے انسٹرکٹر جناب منتظر حسن نے کہا کہ یہ ورکشاپ مقام امام مہدی (عجل اللہ فرجہ الشریف) کے ہال میں منعقد کی جا رہی ہے، جو دو دن تک جاری رہے گی۔ روزانہ پانچ گھنٹے کے تربیتی سیشنز پرمشتمل اس ورکشاپ کا مقصد ملازمین کی ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کی مہارتوں کو بہتر بنانا ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ اس پروگرام میں درج ذیل بنیادی طبی مہارتوں پر تربیت دی جا رہی ہے:
بے ہوشی کی حالت سے نمٹنا۔
مصنوعی تنفس اور دل کی دھڑکن بحال کرنے کا عمل (CPR)۔
دل کے اچانک بند ہو جانے کی صورت میں ہنگامی اقدامات۔
مرگی کے دورے، نکسیر اور خون کے بہاؤ کو روکنے کے طریقے ۔
فریکچر، زہر خورانی اور جھلس جانے (برننگ کیسز) کی صورت میں ابتدائی طبی امداد۔
جناب منتظر حسن نے اس پروگرام کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے واضح کیا کہ اس کا بنیادی مقصد روضہ مبارک کے عملے کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس تربیت کے ذریعے عملے کو کسی بھی ناگہانی واقعے یا حادثے کے دوران بروقت اور مؤثر مداخلت کے لیے تیار کیا جا رہا ہے، تاکہ نازک حالات میں انسانی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔





