روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) کے شعبۂ بین الحرمین الشریفین نے زائرین خاص طور پر بزرگ اور سپیشل پرسنز کی آمد و رفت کو سہل بنانے کے لیے مزید 20 جدید الیکٹرک (چارجنگ) گاڑیاں فراہم کی ہیں۔
شعبہ بین الحرمین کے سربراہ حسام حمدانی نے اس حوالے سے بتایا: یہ قدم شہرِ کربلا میں زائرین کے بڑھتے ہوئے رش کے پیشِ نظر اٹھایا گیا ہے۔ یہ گاڑیاں زائرین کی نقل و حرکت کو منظم کرنے اور ان کے سفر کی تھکن کو کم کرنے میں انتہائی معاون ثابت ہوں گی، بالخصوص معمر افراد اور سپیشل زائرین اس سروس اولین ترجیح ہیں۔
انہوں نے مزید تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ یہ 20 نئی گاڑیاں جدید ٹیکنالوجی سے لیس اور ماحول دوست ہیں۔ ان گاڑیوں کو خاص طور پر کربلا کے قدیم شہر کی جغرافیائی ساخت اور وہاں زائرین کی کثرت کو مدِ نظر رکھتے ہوئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
حمدانی نے واضح کیا کہ یہ اقدام ان مسلسل خدماتی منصوبوں کی ایک کڑی ہے جن کا مقصد زائرین کو فراہم کی جانے والی سہولیات کو مزید بہتر بنانا ہے۔ یہ کوششیں روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) کے اس پختہ عزم کی عکاسی کرتی ہیں کہ یہاں آنے والے عقیدت مندوں کو ہر ممکنہ راحت اور اعلیٰ درجے کی خدمات میسر ہوں۔




