روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام )سے وابستہ الکفیل نرسریز گروپ نے رواں سال کے آغاز سے اب تک اپنے ذخیرۂ نباتات میں 2 لاکھ 25 ہزار سے زائد نئے پودوں کا اضافہ کیا ہے۔
نرسریز گروپ کے اسسٹنٹ منیجر جناب علی حمزہ سالم نے بتایا کہ پودوں کی افزائشِ نسل کے یونٹ نے رواں سال کے پہلے چار ماہ کے دوران اپنے اسٹاک میں 2 لاکھ 25 ہزار سے زائد پودوں کا اضافہ کیا ہے۔ یہ کامیابی پودوں کے تنوع کو بڑھانے اور استفادہ کنندگان کی طلب پوری کرنے کے منصوبوں کا حصہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان پودوں میں انڈور، آؤٹ ڈور موسمی اور پھل دار پودوں کی مختلف اقسام شامل ہیں، جن کی افزائش جدید زرعی طریقوں کے مطابق گرین ہاؤسز اور سایہ دار جگہوں پر کی گئی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اس اضافے کا مقصد گروپ کی اپنی نرسریوں، روضہ مبارک کے مختلف شعبہ جات اورسائٹس کی ضروریات کو پورا کرنا ہے۔ اس کے علاوہ یہ پودے کربلا کے اندر اور باہر عوامی و نجی شعبوں، نجی نرسریز اور عام خاندانوں کے لیے انتہائی مناسب قیمتوں پر دستیاب ہیں۔
انہوں نے اس بات کی جانب بھی اشارہ کیا ک یہ پودے ماحولیاتی اور موسمی حالات کے مطابق خود کو ڈھالنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں، جبکہ الکفیل نرسریز میں دوسرے زرعی سیزن کے لیے افزائشِ نسل کا کام مسلسل جاری ہے۔







