روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) کے شعبہ فکری اور ثقافتی امور نے عراقیہ یونیورسٹی کے 250 مقالہ جات اور رسائل کو ڈیجیٹلائز کرنے کے عمل کا آغاز کر دیا ہے۔
اس حوالے سے مذکورہ شعبے سے وابستہ ڈیجیٹل انفارمیشن سینٹر کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر جناب صالح الحسناوی نے بتایا کہ مرکز نے عراقیہ یونیورسٹی کے ساتھ مشترکہ تعاون کے فریم ورک کے تحت یونیورسٹی کے مقالہ جات کو ڈیجیٹل فارمیٹ میں منتقل کرنے کے منصوبے کے پہلے مرحلے پر عملدرآمد شروع کر دیا ہے۔ اس مرحلے میں یونیورسٹی کی مرکزی لائبریری سے منتخب کردہ 250 مقالہ جات کی ڈیجیٹلائزیشن شامل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ عراقی علمی سرمائے کو محفوظ کرنے کی ایک کڑی ہے، جس کا مقصد ان علمی کاموں کو کاغذی صورت سے ڈیجیٹل صورت میں منتقل کرنا ہے۔ اس عمل کے بعد اصل کاغذی نسخے یونیورسٹی کو واپس کر دیے جائیں گے، جبکہ ساتھ ہی مکمل ڈیٹا بیس پر مشتمل ان کی ڈیجیٹل کاپیاں بھی فراہم کی جائیں گی۔
اس منصوبے کا مقصد روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) کی جانب سے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی حمایت، عراق کے علمی و فکری اثاثوں کی بحالی اور حفاظت اور مختلف شعبہ جات میں کام کرنے والے محققین کے لیے مستند علمی منابع کی فراہمی ہے۔
یہ پیش رفت روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) کی ان کاوشوں کا تسلسل ہے جو عراقی علمی و ثقافتی ورثے کو آنے والی نسلوں کے لیے محفوظ بنانے اور علمی اداروں کے درمیان مستحکم روابط قائم کرنے کے لیے کی جا رہی ہیں۔


