روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) کے قرآن علمی کمپلیکس کی جانب سے صوبہ مثنیٰ میں اپنے خصوصی پروگرام ’وفاءً للدماء‘ (خونِ شہدا سے وفاداری) کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے ایک قرآنی محفل کا انعقاد کیا گیا۔ اس محفل کے انعقاد کا مقصد وطن اور مقدسات کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنا ہے۔
اس محفل کا اہتمام قرآن علمی کمپلیکس سے وابستہ قرآن انسٹی ٹیوٹ مثنیٰ برانچ کی جانب سے شہید ساجت جوان الاعاجیبی کے گھر پر کیا گیاتھا۔ محفل میں نامور قراءِ کرام نے قرآن مجید کے سترہویں پارے کی تلاوت کا شرف حاصل کیا اور اس کا ثواب شہید کی روح کو ہدیہ کیا گیا۔ یہ پروگرام "وفاءً للدماء" کی سرگرمیوں کا حصہ ہے، جو خاص طور پر شہداء کے اہل خانہ کے گھروں پر منعقد کی جاتی ہیں۔
محفل کے دوران ایک مجلسِ عزاء بھی برپا کی گئی جس سے سید محمد آل بہیہ نے خطاب کیا۔ انہوں نے اپنے بیان میں عظمتِ شہداء پر روشنی ڈالنے کے ساتھ ساتھ، قرآنِ کریم اور ائمہ اہل بیت (عليهم السلام) کے تمسک کی ضرورت و اہمیت پر زور دیا۔
محفل کے اختتام پر شہید کے خاندان کی عظیم قربانیوں اور خدمات کے اعتراف میں انہیں "درعِ وفا" (شیلڈ) سے نوازا گیا۔







