روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) کی انتظامیہ نے فائنل امتحانات کی تیاری اور دہرائی کے لیے کالجز اور یونیورسٹی کی طالبات کے لئے خصوصی انتظامات کئے ہیں اور اس سلسلے میں صحنِ مطہر میں مثالی اور پرسکون تعلیمی ماحول فراہم کیا گیا ہے۔
روضہ مبارک کے دفتر متولی شرعی برائے خواتین سے وابستہ شعبہ زینبیات میں وحدة التشريفية کی سربراہ محترمہ وئام محمد مسلم نے بتایا کہ صحنِ مطہر میں واقع 'حائرِ امام موسیٰ کاظم (علیہ السلام)' روزانہ صبح ساڑھے سات بجے سے شام ساڑھے سات بجے تک طالبات کا استقبال کرتا ہے، کہ جہاں انہیں امتحانات کی تیاری کے لیے تمام تر ضروری سہولیات اور پرسکون تعلیمی ماحول فراہم کیا جاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ مقام روزانہ 50 سے زائد طالبات کو ایک پرسکون اور آرام دہ ماحول فراہم کر رہا ہے، جس سے انہیں اپنی پڑھائی کو مکمل توجہ اور تسلسل کے ساتھ جاری رکھنے میں مدد ملتی ہے۔ اس دوران وہاں کا روحانی ماحول اور زیارتِ حضرت عباس (علیہ السلام) کی تلاوت طالبات کے عزم کو مزید تقویت دیتی ہے۔
واضح رہے کہ امتحانات کے دنوں میں ہر سال طالبات کی بڑی تعداد یہاں کا رخ کرتی ہے، کیونکہ یہاں فراہم کردہ خدمات اور موزوں تعلیمی فضا کے ساتھ ساتھ اس مقام کی روحانیت طالبات کو قلبی اطمینان اور ذہنی سکون فراہم کرتی ہے۔







