روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) نے اپنے الکفیل میوزیم کے عملے کو روضہ مبارک امام موسی کاظم اور امام تقی (علیہما السلام )اور روضہ مبارک امام علی نقی و امام حسن عسکری (علیہما السلام ) کے نوادرات کی بحالی اور دیکھ بھال میں حصہ لینے پر اعزاز سے نوازا ہے۔
یہ اعزاز ان کی انتھک کوششوں اور اس پیشہ ورانہ مہارت کے اعتراف میں دیا گیا ہے جو میوزیم کے عملے نے جدید سائنسی طریقوں کے مطابق نوادرات کی مرمت اور ان کی حفاظت میں دکھائی، تاکہ ان اشیاء کی تاریخی و فنی اہمیت کو برقرار رکھتے ہوئے انہیں نمائش کے لیے تیار کیا جا سکے۔
الکفیل میوزیم کے سربراہ سید نافع الموسوی نے اس موقع پر کہا یہ اعزاز روضہ مبارک امام موسی کاظم اور امام تقی (علیہما السلام )اور روضہ مبارک امام علی نقی و امام حسن عسکری (علیہما السلام )کے نوادرات کی بحالی کے منصوبے میں ہمارے عملے کی محنت کا اعتراف ہے۔ انہوں نے ان اشیاء کی اس طرح مرمت کی ہے کہ انہیں دونوں مقدس روضوں کے عجائب گھروں میں ان کی تاریخی اور ثقافتی قدر کے مطابق بہترین طریقے سے پیش کیا جا سکے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ روضہمبارک حضرت عباس (علیہ السلام) تہذیبی ورثے کے تحفظ اور نوادرات کی دیکھ بھال کو خاص اہمیت دیتا ہے، اور دیگر مقدس مقامات کے ساتھ تعاون کے ذریعے اس ورثے کو زائرین اور ماہرین کے سامنے بہتر انداز میں پیش کرنے کے لیے کوشاں ہے۔
الکفیل میوزیم برائے نوادرات و مخطوطات کا شمار ورثے کی حفاظت کرنے والے سرکردہ اداروں میں ہوتا ہے، جہاں ماہر عراقی عملہ جدید سائنسی تجربہ گاہوں میں بین الاقوامی معیار کے مطابق نوادرات کی بحالی اور مرمت کا کام انجام دیتا ہے۔













