روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) کے قرآن علمی کمپلیکس نے صوبہ کربلا میں حفظِ قرآن کے طلباء کے لیے چھٹے سالانہ سمر ڈویلپمنٹ پروجیکٹ کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔
کمپلیکس سے منسلک قرآن انسٹی ٹیوٹ کربلا میں حفظ یونٹ کے سربراہ شیخ الرویعی نے کہا کہ انسٹی ٹیوٹ نے حفظ کرنے والے طلباء کے لیے سال 2026 کے لیے سمر ڈیولپمنٹ پروجیکٹ کا آغاز کیا ہے۔ مسلسل چھٹے سال منعقد ہونے والے اس منصوبے میں حفظِ قرآن کے 25طلباءشرکت کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ 60 دنوں پر محیط ہے، جس کے تحت ہفتے میں پانچ دن کلاسز کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ اس کا بنیادی مقصد طلباء کو موسمِ گرما کی تعطیلات کے دوران قرآن کریم کے 6 پارے حفظ کروانا ہے۔ روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) کے منصوبے کے مطابق، طلباء 5 سال کے عرصے میں مکمل قرآن کریم حفظ کرنے کی سعادت حاصل کر سکیں گے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اس منصوبے میں ایک جامع اور مربوط پروگرام شامل ہے، جس کا آغازفزیکل ٹریننگ سے ہوتا ہے تاکہ طلباء کی توجہ اور چستی کا معیار بلند کیا جا سکے۔ اس کے بعد حفظ کی کلاسز، پھر فقہ و عقائد کے اسباق، قرآنی مفاہیم کی تعلیم اور باجماعت نماز کی ادائیگی اس پروگرام کا حصہ ہیں۔
شیخ الرویعی نے اپنی گفتگو کا اختتام کرتے ہوئے کہا کہ روزانہ 6 گھنٹوں پر محیط یہ پروگرام طلباء کے حفظ کی رفتار کو بڑھانے، حفظ کیے گئے پاروں کو دہرانے اور ان کی حفظ کرنے کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے خاص طور پر ترتیب دیا گیا ہے۔






