روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) کے شعبہ فکری و ثقافتی امور نے قومی منصوبوں "الملف الاستنادي للمؤلّفين العراقيين"اور "عراقی نالج پورٹل" میں العمید یونیورسٹی اور الکفیل یونیورسٹی کی بطور علمی شراکت دار شمولیت کا اعلان کیا ہے۔
ان دونوں منصوبوں کی نگرانی مذکورہ شعبے سے وابستہ سنٹر فار کیٹلاگنگ اینڈ انفارمیشن سسٹم کر رہا ہے۔ یہ اقدام عراق میں علمی ہم آہنگی کو فروغ دینے اور ڈیجیٹل معلوماتی نظام (انفارمیشن انفراسٹرکچر) کو ترقی دینے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
اس حوالے سے مرکز کے ڈائریکٹر سید حسنین الموسوی نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ العمید اور الکفیل یونیورسٹیاں اب "الملف الاستنادي للمؤلّفين العراقيين"اور عراقی نالج پورٹل کے منصوبوں میں باقاعدہ علمی شراکت دار بن چکی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ شراکت داری قومی سطح کے علمی و فکری منصوبوں کی حمایت اور تعلیمی اداروں کے ساتھ تعاون کا دائرہ وسیع کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔ اس اشتراکِ عمل سے نہ صرف محققین اور دانشوروں کو سہولت میسر آئے گی، بلکہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر عراقی علمی و تحقیقی سرمائے کا تحفظ اور اس کی رسائی مزید مستحکم اور نمایاں ہوگی۔
یہ اہم پیش رفت شعبہ فکری و ثقافتی امور کی ان ترجیحات کا حصہ ہے جن کا مقصد یونیورسٹیز اور اعلیٰ تعلیمی اداروں کے ساتھ علمی تعاون کا ایک مضبوط نیٹ ورک قائم کرنا ہے، تاکہ خصوصی ڈیجیٹل اور علمی منصوبوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جا سکے۔

