الکفیل مدارس کی سربراہ محترمہ بشریٰ کنانی نے بتایا کہ اس مقابلے میں مدارس الکفیل سے وابستہ 16 مدارس کی 120 طالبات شرکت کر رہی ہیں۔ طالبات کو 16 ٹیموں میں تقسیم کیا گیا ہے، اور ہر ٹیم 5 طالبات پر مشتمل ہے۔ مقابلے کے مختلف مراحل میں فقہ، عقائد، سیرت اور اخلاقیات جیسے متنوع موضوعات پر طالبات کی علمی استعداد کا امتحان لیا جائے گا۔
انہوں نے مزید واضح کیا کہ طالبات کو مقابلے کا نصاب 6 ماہ قبل ہی فراہم کر دیا گیا تھا تاکہ وہ بھرپور طریقے سےاس مقابلے کی تیاری کر سکیں۔
مقابلے کے مختلف راؤنڈز کے درمیانی وقفوں میں خصوصی سرگرمیاں بھی شامل کی گئی ہیں، جن میں نامور علماء کی زندگی اور حصولِ علم کے لیے ان کی جدوجہد پر مبنی دستاویزی فلمیں اور ویڈیو اور حصولِ علم کی ترغیب دینے والے پروگرام اور "دعائے مکارم الاخلاق" کی تلاوت شامل ہیں۔
اس مقابلے کا بنیادی مقصد طالبات میں تحقیق و مطالعہ کا ذوق پیدا کرنا، ٹیم ورک کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور ان کی حاضر دماغی و قوتِ ارتکاز جیسی ذہنی مہارتوں کو فروغ دینا ہے۔








